سال 2024 میں وہ نامور فنکار جو اپنے مداحوں کو سوگوار کرگئے
سال 2024 کا سورج اپنے سفر کے اختتام تک آچکا ہے ہر سال کی طرح اس سال بھی بہت سے اہم واقعات رونما ہوئے، ان میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی وہ معروف فنکار بھی ہیں جن کا انتقال ہوا اور ہمیں داغ مفارقت دے گئیں۔ اگر ان افسوسناک واقعات کا جائزہ لیا جائے تو پاکستانی […]
سال 2024 کا سورج اپنے سفر کے اختتام تک آچکا ہے ہر سال کی طرح اس سال بھی بہت سے اہم واقعات رونما ہوئے، ان میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی وہ معروف فنکار بھی ہیں جن کا انتقال ہوا اور ہمیں داغ مفارقت دے گئیں۔
اگر ان افسوسناک واقعات کا جائزہ لیا جائے تو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی نامور فنکار اس دار فانی سے کوچ کرگئے، یہ تمام فنکار پاکستان کے روشن ستارے تھے، جن کے خلاء کو پُر نہیں کیا جاسکتا۔
اداکار خالد بٹ
سال 2024 پہلے ماہ جنوری میں شوبز انڈسٹری کے سینئر فنکار خالد بٹ اپنے مداحوں کو روتا چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے، خالد بٹ نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور اپنی لازوال اداکاری سے بہت جلد خود کو منوالیا، انہوں نے مختلف ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ جن میں سرفہرست لنڈا بازار، دلی گیٹ، اندھیرا اجالا سمیت کئی ڈرامے شامل ہیں۔
اپنی زندگی کے آخری ایام میں وہ دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سے سبب اسپتال میں زیر علاج تھے اور دوران علاج گیارہ جنوری کو اس دنیا کو خیرباد کہ دیا اور انتقال کرگئے۔
اداکار طلعت حسین
اپنے منفرد انداز اور بے مثال ٹیلنٹ کے سبب مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد 26مئی کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
انتہائی باوقار اداکاری کے فن میں کمال رکھنے والے طلعت حسین نے 70کی دہائی میں اپنے فن کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن سے کیا انہیں اپنی منفرد انداز اداکاری سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھرپور پذیرائی ملی۔
معروف کامیڈین سردار کمال
اسٹیج اور ٹی وی کے معروف مزاحیہ اداکار سردار کمال کا اچانک انتقال ان کے مداحوں کو سوگوار کرگیا۔
اپنے فنی کیرئیر کے دوران انہوں نے 30 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں ، اس کے علاوہ وہ ہندوستانی پنجابی فلموں کا بھی حصہ رہے۔ سردار کمال ماہ جولائی میں 52 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔
اداکار مظہر علی
عروسہ، افشاں اور دیمک جیسے کئی مشہور ڈراموں کا حصہ رہنے والے پی ٹی وی کے نامور اداکار مظہر علی مختصر علالت کے بعد کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے وہ اپنی زندگی کے آخری ایام میں امریکہ سے وطن واپس آگئے تھے۔
انہوں نے لاتعداد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے، اداکار مظہر علی اکتوبر 2024میں پھیپھڑوں اور دل کی بیماری کے باعث دوران علاج خالق حقیقی سے جاملے۔
اداکار عابد کشمیری
پاکستانی سینما اور ٹی وی کے معروف اداکار عابد کشمیری کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، عابد کشمیری بھی ماہ اکتوبر میں طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں اس دنیا کو چھوڑ کر چلے گئے۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے لیکن حال ہی میں پاکستان واپس آگئے تھے۔
استاد طافو
فن موسیقی کا بڑا نام استاد طافو بھی اسی سال 26 اکتوبر کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ کئی لازوال فلموں کی موسیقی دینے والے استاد طافو کو فن موسیقی میں نمایاں مقام حاصل تھا۔
استاد طافو خان گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے ان کو گردوں کا مرض لاحق تھا، ان کا ترتیب دیا ہوا پنجابی گانا جو میڈم نورجہاں نے گایا، سن وے بلوری اکھ والیاں، بہت مشہور ہوا۔
گلوکارہ اور گٹارسٹ ہانیہ اسلم
سال 2009ء میں کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘سے وابستہ 39 سالہ معروف پاکستانی گلوکارہ اور گٹارسٹ ہانیہ اسلم دل کا دورہ پڑنے سے 11 اگست کو انتقال کر گئی تھیں۔
شیف ناہید انصاری
پاکستان کی معروف شیف ناہید انصاری المعروف ناہید آپا گزشتہ 35 برس سے پکوان اور گھر کی سجاوٹ کے شعبے سے منسلک تھیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران مختلف چینلز کے لیے کئی کوکنگ شوز بھی کئے، ناہید انصاری کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے آخرکار 06 جولائی کو زندگی کی بازی ہار گئیں۔
یہ سال شوبز کی دنیا کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ثابت ہوا، جہاں ان عظیم شخصیات کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟