بھنڈی : شوگر کے مریضوں کیلئے بہترین غذا
شوگر کے عارضے میں مبتلا افراد کے لیے بھنڈی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے، وٹامنز اور منرلز سے بھرپور اس سبزی کے استعمال سے بار بار بھوک بھی محسوس نہیں ہوتی۔ بھنڈی بیشتر افراد کی پسندیدہ سبزی ہے مگر اس کے بے شمار فوائد سے متعلق کم ہی لوگ واقف ہیں۔ اس کا شمار […]
شوگر کے عارضے میں مبتلا افراد کے لیے بھنڈی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے، وٹامنز اور منرلز سے بھرپور اس سبزی کے استعمال سے بار بار بھوک بھی محسوس نہیں ہوتی۔
بھنڈی بیشتر افراد کی پسندیدہ سبزی ہے مگر اس کے بے شمار فوائد سے متعلق کم ہی لوگ واقف ہیں۔ اس کا شمار سُپر فوڈز یعنی غذائیت سے بھرپور سبزیوں میں کیا جاتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق بھنڈی میں وٹامن سی، ای، کے، اے، فائبر، پوٹاشیم اور قدرتی طور پر اینٹی آکسیڈنٹ جز پائے جاتے ہیں جس کے استعمال سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
شوگر کی سطح متوازن رکھنے میں کارآمد
بھنڈی میں ’گلائسیمک انڈیکس ‘ کی سطح کم پائی جاتی ہے، جس کے سبب خون میں گلوکوز کی سطح کو برقرار رہنے میں مدد ملتی ہے، بھنڈی میں ایک ’میریسیٹن‘ نامی جز بھی پایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں انسانی جسم میں موجود پٹھے آسانی سے شوگر کو جذب کرلیتے ہیں، اس طرح سے خون میں موجود شوگر لیول کو متوازن رہنے میں مدد ملتی ہے۔
وزن میں کمی کیلیے مفید
موٹاپے سے بچاؤ کیلیے بھنڈی کا غذا میں استعمال مفید ثابت ہوتا ہے، غذائیت سے بھرپور بھنڈی مطلوبہ وٹامنز اور منرلز فراہم کرکے کمزوری اور ڈائٹنگ کے اثرات چہرے پر آنے سے روکتی ہے، بھنڈی کے استعمال سے بار بار بھوک محسوس نہیں ہوتی۔
امراض قلب سے بچاؤ
خون میں کولیسٹرول لیول بڑھ جانے سے دل کے عارضے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں، فائبر سے بھرپر بھنڈی خون میں شوگر سمیت کولیسٹرول کی سطح برقرار رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔
جرنل بائیو ٹیکنالوجی لیٹرز میں شائع ہونے والی ایک روپورٹ کے مطابق بھنڈی میں ’پولی فینول کمپاؤنڈ‘ بھی پایا جاتا ہے جو شریانوں میں مضر صحت کولیسٹرول کو جمنے سے روکتا ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے بہترین غذا
طبی ماہرین کے مطابق حاملہ خواتین کو بھنڈی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے، اس کے استعمال سے وٹامن بی9 کی مطلوبہ مقدار حاصل ہوتی ہے اور جسے عام زبان میں فولیٹ بھی کہا جاتا ہے، فولیٹ نوازئیدہ بچے میں دماغ بنانے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟