کنگنا رناوت کو زناٹے دار تھپڑ پڑنے پر سابق دوست نے کیا کہا؟
سیاست کی دنیا میں قدم رکھنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو زناٹے دار تھپڑ پڑنے پر ان کے سابق دوست نے بھی اپنا ردعمل دیا ہے۔ ویب سیریز ہیرا منڈی کے اداکار اور کنگنا رناوت کے سابق بوائے فرینڈ ادھیان سمن کا اس واقعے کے حوالے سے کہنا تھا کہ اداکارہ کے ساتھ […]
سیاست کی دنیا میں قدم رکھنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو زناٹے دار تھپڑ پڑنے پر ان کے سابق دوست نے بھی اپنا ردعمل دیا ہے۔
ویب سیریز ہیرا منڈی کے اداکار اور کنگنا رناوت کے سابق بوائے فرینڈ ادھیان سمن کا اس واقعے کے حوالے سے کہنا تھا کہ اداکارہ کے ساتھ جو کچھ ہوا یہ غلط ہے بلکہ بہت ہی غلط ہے اور سب کافی تشویشناک ہے، ایسا کسی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔
ادھیان سمن نے کہا کہ جس خاتون نے انھیں تھپڑ مارا اسے سزا ملنی چاہیے، میں سمجھتا ہوں کہ ایئرپورٹ کی خاتون اہلکار کو کنگنا کے بیان سے مسئلہ ہوگا اور وہ غصے میں ہوں گی مگر ایسا کرنے کا کسی کو حق حاصل نہیں ہے۔
ہیرا منڈی کے اداکار نے مزید کہا کہ انھوں نے اپنے غصے کے اظہار کے لیے غلط راستہ چنا، آپ کسی پر بھی اس طرح ہاتھ نہیں اٹھا سکتے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں معروف بالی وڈ اداکارہ اور حال ہی میں لوک سبھا انتخابات میں کامیاب ہونے والی کنگنا رناوت کو ایئرپورٹ پر خاتون سکیورٹی اہلکار نے تھپڑ جڑ دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کنگنا رناوت ریاست ہماچل پردیش کے حلقے مندی سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں جس کے بعد اداکارہ کے ساتھ چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر واقعہ پیش آیا۔
ہوا کچھ یوں کہ کنگنا رناوت نئی دہلی روانہ ہونے کیلیے اپنے عملے کے ہمراہ چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پہنچیں جہاں انھیں تلاشی لینے کیلیے روکا گیا اور اس دوران خاتون سکیورٹی اہلکار نے انہیں تھپڑ رسید کیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں اداکارہ و رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے کے بعد خاتون سکیورٹی اہلکار کو غصے میں چیختے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟