ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل بارش کی نذر ہوگیا تو کیا ہوگا؟
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل کا شائقین کرکٹ کو بے چینی سے انتظار ہے لیکن اگر آج میچ بارش کی بھینٹ چڑھ گیا تو کیا فیصلہ ہوگا؟ فاتح کا فیصلہ کیسے ہوگا اور ٹرافی کس کی ہوگی؟ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اب اپنے آخری مرحلے میں داخل […]
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل کا شائقین کرکٹ کو بے چینی سے انتظار ہے لیکن اگر آج میچ بارش کی بھینٹ چڑھ گیا تو کیا فیصلہ ہوگا؟ فاتح کا فیصلہ کیسے ہوگا اور ٹرافی کس کی ہوگی؟
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آج بھارت اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی اب فائنل میچ میں بھارت اور جنوبی افریقہ مد مقابل ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ2024 کا فائنل آج 29 جون بروز ہفتہ بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل بارش سے متاثر ہوا تھا اور اب بھی شائقین کرکٹ جاننا چاہتے ہیں کہ فائنل کے دوران موسم کیسا رہے گا؟
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران بارش کا امکان ہے، اس لیے فریقین کو میچ میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ صبح چار بجے اور نو بجے کے درمیان بارش کا تقریباً 50 فیصد امکان ہے۔
صبح 10 بجے (ٹاس کے وقت) اور دوپہر ایک بجے کے درمیان بارش کا امکان تقریباً 30 فیصد تک ہو جائے گا، اس کے بعد یہ دوبارہ بڑھ کر تقریباً 50 فیصد ہو جائے گا۔
بارش کی متوقع صورتحال کے پیش نظر فائنل میچ کو مکمل کرنے کے لیے 190 منٹ کا اضافی وقت دیا جائے گا، فاتح قرار دینے کے لیے دونوں ٹیموں کو کم از کم 10 اوورز کے لیے بیٹنگ کرنا ہوگی۔
اگر ہفتے کو اضافی وقت کے ساتھ بھی کم از کم 10 اوورز کا میچ نہ ہو سکا تو فائنل کا ایک ریزرو دن ہوگا جو اتوار 30 جون کو کھیلا جائے گا۔
میچ اگر پہلے سے جاری ہوا تو اتوار کو وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں سے گزشتہ روز ختم ہوا تھا یعنی نئے سرے سے دوبارہ سے شروع نہیں ہوگا۔
اس صورتحال کے باوجود اگر برسات کی وجہ سے کھیل جاری نہ رکھا جاسکا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی سورماؤں نے سال 2013 کے بعد سے اب تک آئی سی سی کا کوئی بڑا ایونٹ اپنے نام نہیں کیا جب وہ ایم ایس دھونی کی قیادت میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حقدار قرار پائے تھے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی حالت بھی کچھ ایسی ہی ہے، جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش میں منعقدہ 1998 میں آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی میں فتح کے بعد سے اب تک کوئی آئی سی سی ٹائٹل نہیں جیتا ہے۔
مزید حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ کبھی بھی کسی فارمیٹ میں ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ نہیں بنا سکے تاہم اس بار جنوبی افریقہ کی ٹیم کسی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہلی بار شرکت کررہی ہے۔
بھارتی ٹیم کو فائنل میں فیورٹ سمجھا جاسکتا ہے لیکن جنوبی افریقہ بھی اپنے طور پر ایک مضبوط حریف ہے تاہم کھیل کے دوران بارش کا قوی امکان ہے جس کی وجہ سے میچ کا دورانیہ مختصر ہوسکتا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟