ایک اور مشہور بھارتی اداکار قاتل بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ میں شامل
ایک اور مشہور بھارتی اداکار مشہور ٹارگٹ کلر بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ میں شامل ہو گیا ہے جس کو گزشتہ ماہ قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر پر دو ماہ قبل فائرنگ کے واقعے اور حال ہی میں بابا صدیقی کو […]
ایک اور مشہور بھارتی اداکار مشہور ٹارگٹ کلر بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ میں شامل ہو گیا ہے جس کو گزشتہ ماہ قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر پر دو ماہ قبل فائرنگ کے واقعے اور حال ہی میں بابا صدیقی کو قتل کرنے میں ملوث ٹارگٹ کلر بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ پر ایک اور معروف بھارتی اداکار کا نام آ گیا ہے جس کو گزشتہ ماہ قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا تاہم وہ خوش قسمتی سے بچ نکلے۔
رپورٹ کے مطابق یہ بھارتی فنکار معروف کامیڈین منور فاروقی ہے جنہیں مبینہ طور پر ہندو دیوی دیوتاؤں پر نا مناسب تبصرے کرنے کے الزام میں لارنس بشنوئی گینگ نے اپنی نئی ہٹ لسٹ میں شامل کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بشنوئی گینگ نے گزشتہ ماہ ستمبر میں منور فاروقی کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا اور لارنس بشنوئی کی یہ خواہش تھی کہ منور فاروقی کو قتل کرکے خود کو "ہندو انڈرورلڈ ڈان” کے طور پر منوایا جائے تاہم اداکار کی خوش قسمتی کہ یہ منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ستمبر میں جب منور فاروقی ممبئی سے دہلی میں ہونے والے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے طیارے میں سفر کر رہے تھے، تو لارنس بشنوئی گینگ کے دو کارکن بھی اسی طیارے میں ان کا پیچھا کر رہے تھے۔ دہلی پہنچ کر، گینگ کے ان افراد نے بھی اسی ہوٹل میں کمرے بک کرائے جہاں کامیڈین ٹھہرے ہوئے تھے تاہم خفیہ اداروں کی جانب سے حملے کے منصوبے کی پیشگی اطلاع ملنے پر پولیس فوری حرکت میں آئی اور منور فاروقی کو ممبئی واپس بھیج دیا تھا۔
پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گزشتہ ماہ منصوبہ ناکام ہونے کے بعد اداکار اب بھی لارنس بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ میں شامل ہیں اور گینگ ان کے قتل کے لیے مناسب موقع کی تلاش میں ہے۔ اس وجہ سے منور فاروقی کو پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل کے بعد ہونے والی تحقیقات میں کئی سنسنی خیز انکشافات کے بعد بھارت سمیت بالی ووڈ میں خوف پھیل گیا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟