ایشیائی کھیل: پاکستان نے بھارت کو ہرا دیا
25 ستمبر 2014 ،تصویر کا ذریعہاے پی ،تصویر کا کیپشن پاکستان اور بھارت دونوں اس وقت ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں پہلی دس ٹیموں میں شامل نہیں جنوبی کوریا میں جاری ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے شکست دے دی ہے۔ یہ ان ... Read more
جنوبی کوریا میں جاری ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے شکست دے دی ہے۔
یہ ان مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی لگاتار تیسری فتح ہے جس کے نتیجے میں وہ اپنے گروپ میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آگئی ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔
انچیون کے سیون ہاک سٹیڈیم میں جمعرات کی شام کھیلے جانے والے میچ میں کھیل تیزی سے شروع ہوا اور پاکستان نے پہلے کوارٹر کے چھٹے منٹ میں پینلٹی کارنر حاصل کیا لیکن اس سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔
بھارتی ٹیم نے دو منٹ بعد ہی جوابی حملہ کرتے ہوئے پینلٹی کارنر لیا لیکن وہ بھی گول نہ کر سکی۔
دوسرے کوارٹر کے چھٹے منٹ میں بھارت کو دوسرا پینلٹی کارنر ملا مگر یہ موقع بھی ضائع گیا۔ ایک منٹ بعد پاکستان کے محمد وقاص نے گول کرنے کا اچھا موقع گنوا دیا اور ان کی ہٹ گول سے کہیں دور رہی۔
پہلے کوارٹر کی طرح دوسرے کوارٹر میں بھی مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
تیسرے کوارٹر میں میچ کے 37 ویں منٹ میں پاکستانی فارورڈ عمر بھٹہ نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلوا دی جو اس کوارٹر کے خاتمے تک قائم رہی۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں کھیل کے 52 ویں منٹ میں بھارت کے چندانہ نے گول کر کے میچ برابر کر دیا تاہم اگلے ہی منٹ میں محمد وقاص نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلوا دی جو اختتام تک قائم رہی۔
پاکستان ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے تاہم پاکستان اور بھارت دونوں اس وقت ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں پہلی دس ٹیموں میں شامل نہیں۔
ان مقابلوں میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 14 گول سے دوسرے میچ میں چین کو دو گول سے ہرایا تھا جبکہ بھارت نے سری لنکا کے خلاف آٹھ اور اومان کے خلاف سات گول سے فتح حاصل کی تھی۔
ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے مقابلے نئے قوانین کے تحت کھیلے جا رہے ہیں جن کے مطابق اب ہاکی میچ میں 35،35 منٹ کے دو ہاف کی بجائے پندرہ پندرہ منٹ کے چار کوارٹرز پر مشتمل ہوتا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟