گدھا گاڑی ریس ’’بجلی‘‘ نے جیت لی
کراچی میں ہونے والی گدھا گاڑی ریس لیاری کے ریسر خالد کے بجلی نامی گدھے نے جیت لی۔ اے آر وائی نیوز کی نمائندہ روحہ فاطمہ کے مطابق کشمنر کراچی کے زیر اہتمام شہر قائد میں گدھا گاڑی ریس کا مقابلہ ہوا جو بجلی نامی گدھے نے اپنے نام کیا۔ ریس کے مہمان خصوصی میئر […]
کراچی میں ہونے والی گدھا گاڑی ریس لیاری کے ریسر خالد کے بجلی نامی گدھے نے جیت لی۔
اے آر وائی نیوز کی نمائندہ روحہ فاطمہ کے مطابق کشمنر کراچی کے زیر اہتمام شہر قائد میں گدھا گاڑی ریس کا مقابلہ ہوا جو بجلی نامی گدھے نے اپنے نام کیا۔ ریس کے مہمان خصوصی میئر کراچی مرتضیٰ وہاب تھے۔
گدھا گاڑی ریس کا آغاز آئی سی آئی پل سے ہوا جس میں لیاری، شیر شاہ، ملیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے درجنوں ریسر نے شرکت کی۔ جھنڈا لہراتے ہی جھنجھنے کی چھن چھن پر گدھے ہوا سے باتیں کرنے لگے اور بجلی نامی گدھا تو برق رفتاری سے دوڑا۔
ریس میں شریک گدھا گاڑیاں مولوی تمیز الدین خان روڈ، سلطان آباد، پی آئی ڈی سی سے ہوتی ہوئی کلب روڈ پر کمشنر آفس کے سامنے پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جہاں سب سے پہلے لیاری کے ریسر خالد کے بجلی نامی گدھے نے وننگ پوائنٹ پر پہنچ کر میدان مارا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی میئر مرتضیٰ وہاب نے فاتح گدھے کی تعریف کی اور ایونٹ کے انعقاد پر کمشنر کراچی کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ شہر میں اس طرح کے مزید ایونٹس ہونے چاہئیں۔
مرتضیٰ وہاب نے آئندہ ماہ جولائی میں کے ایم سی کے زیر اہتمام فٹبال اور کرکٹ کے ایونٹ منعقد کرانے کا اعلان کیا۔
ریس کے فاتح بجلی گدھے کے مالک نے جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ اپنے گدھے کو آملہ اور مربے کھلا کر مضبوط بنایا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟