پاکستان میں پولیو کی بگڑتی صورت حال سے ناخوش عالمی پارٹنرز کا اظہار تشویش، ڈو مور کا مطالبہ کر دیا
اسلام آباد: ملک میں پولیو وائرس کی صورت حال پر عالمی ڈونرز پاکستان سے ناخوش ہو گئے، اور ملک کی جگ ہنسائی ہونے لگی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت کے باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عالمی اداروں نے پولیو وائرس کے حالیہ پھیلاؤ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پاکستان سے ڈومور […]
اسلام آباد: ملک میں پولیو وائرس کی صورت حال پر عالمی ڈونرز پاکستان سے ناخوش ہو گئے، اور ملک کی جگ ہنسائی ہونے لگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت کے باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ عالمی اداروں نے پولیو وائرس کے حالیہ پھیلاؤ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیو کی موجودہ صورت حال سے ناخوش عالمی ڈونرز اور ٹیکنیکل پارٹنرز نے حکومت پاکستان کو اپنی تشویش سے آگاہ کر تے ہوئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے عالمی پارٹنرز کو پھیلتے ہوئے پولیو وائرس پر جلد قابو پانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کا حالیہ پھیلاؤ روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کیوں کہ انسداد پولیو کے فنانشل اور ٹیکنیکل پارٹنرز کو پاکستان سے متعلق تشویش لاحق ہے اور عالمی ادارے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال ملک بھر سے 48 پولیو کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں سال ملک میں سینکڑوں پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز بھی رپورٹ ہوئے ہیں، پولیو کیسز اور پازیٹو سیوریج سیمپلز چاروں صوبوں سے رپورٹ ہوئے ہیں، رپورٹس کے مطابق کوئٹہ بلاک، کراچی، کے پی کے جنوبی اضلاع پولیو وائرس کا گڑھ ہیں۔
ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر اس وقت پاکستان اور افغانستان پولیو وائرس کا گڑھ ہیں، اور ان دونوں ممالک سے وائرس کی دوطرفہ منتقلی ہو رہی ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟