پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں بدعنوانی پر کھیلوں کی عالمی تنظیم نے خط لکھ دیا
کراچی: پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں بدعنوانی پر کھیلوں کی ایک عالمی تنظیم نے پاکستانی حکومت اور عوام کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کھیلوں کی کسی عالمی تنظیم کی جانب سے حکومت پاکستان، عوام اور میڈیا کے نام کھلا خط لکھا گیا ہے، یہ […]
کراچی: پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں بدعنوانی پر کھیلوں کی ایک عالمی تنظیم نے پاکستانی حکومت اور عوام کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کھیلوں کی کسی عالمی تنظیم کی جانب سے حکومت پاکستان، عوام اور میڈیا کے نام کھلا خط لکھا گیا ہے، یہ خط ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور ورلڈ باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک اسپورٹس فیڈریشن کے صدر داتوک پال چوا نے لکھا ہے۔
خط میں پاکستان میں باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے اندر بدعنوانی کے اہم مسئلے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے، داتوک پال چوا نے لکھا کہ شیخ فاروق اقبال کی قیادت میں ’پی بی بی ایف‘ کی کارکردگی زوال پذیر ہوئی، انھیں کرپشن کے باعث فارغ کیا گیا، انھوں نے ذاتی فائدے کے لیے سرکاری گرانٹ کا غلط استعمال کیا۔
خط میں لکھا گیا کہ شیخ فاروق اقبال کے بعد سہیل انور نے پی بی بی ایف کے جنرل سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا، انھوں نے فیڈریشن کو بحال کرنے کے لیے ان تھک محنت کی اور تمغا جیتنے والے کھلاڑی تیار کیے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ شیخ فاروق اقبال کو سرکاری گرانٹ مل رہی ہے اور حکومت سہیل انور کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔
داتوک پال چوا نے لکھا ’’میرے علم کے مطابق شیخ فاروق اقبال نے اپنے سیاسی روابط کا استعمال کرتے ہوئے سہیل انور کو ملنے والی گرانٹ روکوا دی ہے، پاکستانی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ شیخ فاروق اقبال کی کرپشن کی تحقیقات کرے اور سہیل انور کی حمایت کرے، انھوں نے پاکستان میں باڈی بلڈنگ کو بے لوث فروغ دیا ہے۔‘‘
خط میں لکھا گیا کہ حکومت پاکستان کا تعاون باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے اگست اور نومبر میں ہونے والی ایشین انٹرنیشنل چیمپئن شپ سمیت آئندہ بین الاقوامی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے انتہائی اہم ہے، ایک پاکستانی کھلاڑی شاہنواز خان نے سہیل انور کی سربراہی میں مسٹر ساؤتھ ایشیا کا باوقار ٹائٹل جیتا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟