ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت کو امریکا کیخلاف 5 پینلٹی رنز کیوں ملے؟
ٹی 20 ورلڈ کپ میں گزشتہ روز امریکا کو شکست دے کر بھارت نے سپر 8 کے لیے کوالیفائی کرلیا لیکن میچ میں انڈیا کو 5 پینلٹی رنز ملنے پر سب حیران ہیں۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے نیویارک کے ناساؤ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 26 ویں میچ میں بھارت نے […]
ٹی 20 ورلڈ کپ میں گزشتہ روز امریکا کو شکست دے کر بھارت نے سپر 8 کے لیے کوالیفائی کرلیا لیکن میچ میں انڈیا کو 5 پینلٹی رنز ملنے پر سب حیران ہیں۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے نیویارک کے ناساؤ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 26 ویں میچ میں بھارت نے امریکا کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
بھارت نے امریکا کی جانب سے دیا گیا 111 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ تاہم انڈیا کی اننگز میں دلچسپ موقع تب آیا جب امپائرز کی جانب سے امریکا پر پانچ رنز کی پینلٹی لگائی گئی۔
16ویں اوور کے آغاز سے قبل امپائر کی جانب سے امریکا کو سلو اوور ریٹ کا سگنل کیا گیا اور اس کے بعد امپائر نے امریکی کپتان ایرون جونز کو بلا کر بتایا کہ انڈیا کو پانچ رنز بطور پینلٹی دیے جا رہے ہیں۔
رواں برس یکم جون کو متعارف کرائے گئے کرکٹ قانون کے مطابق ایک ٹیم اگر میچ میں تین بار مقررہ 60 سیکنڈز میں اگلا اوور شروع کرنے میں ناکام رہے تو مخالف ٹیم کو 5 رنز ایوارڈ کر دیے جاتے ہیں اور یہی کچھ امریکا کے ساتھ ہوا اور سلو اوور ریٹ کے باعث اسے اسٹاپ کلاک پنالٹی لگی۔
تاہم یہ قانون صرف بولنگ سائیڈ ٹیم کے خلاف نہیں اگر بولنگ ٹیم نیا اوور کرانے کے لیے تیار ہو لیکن بیٹر تیار نہ ہو تو امپائر بیٹنگ ٹیم پر پینلٹی لگا سکتا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟