ویڈیو: پولیس سے مرغی چوری کی شکایت کرنے والے پاکستانی بچے کے چرچے
پنجاب میں مرغی چوری کی شکایت کرنے والے معصوم بچے حیدر علی کی ویڈیو وائرل ہو کر دنیا بھر میں دھوم مچا رہی ہے۔ پنجاب کے گاؤں احمد پور ورکاں میں اسکول جانے والے نرسری کلاس کے طالبعلم سات سالہ حیدر علی کی ویڈیو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وائرل […]
پنجاب میں مرغی چوری کی شکایت کرنے والے معصوم بچے حیدر علی کی ویڈیو وائرل ہو کر دنیا بھر میں دھوم مچا رہی ہے۔
پنجاب کے گاؤں احمد پور ورکاں میں اسکول جانے والے نرسری کلاس کے طالبعلم سات سالہ حیدر علی کی ویڈیو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
اس ویڈیو میں اسکول جانے والا بچہ قریب کھڑی پولیس موبائل میں بیٹھے پولیس افسر سے پنجابی زبان میں مرغی چوری کی شکایت دلچسپ انداز میں کر رہا ہے اور مذکورہ پولیس اہلکار بھی بچے کی اس معصومانہ حرکت سے محظوظ ہوتے ہوئے اس کی ویڈیو بنا رہا ہے اور یہ منظر سائیڈ مرر سے واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔
بچہ پولیس اہلکار سے درخواست کرتا ہے کہ اس کی مرغی چوری ہوگئی ہے جس پر پولیس افسر اسے درخواست جمع کروانے کا کہتا ہے۔
جب بچہ یہ پوچھتا ہے کہ’ پرچہ کرنے پر کتنے پیسے لگیں گے تو پولیس اہلکار اسے کہتا ہے کہ پرچے کے لیے پیسوں کی ضرورت نہیں ہوتی، بس تم تھانے آ جانا۔
اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے ننھا بچہ پولیس اہلکار کو بتاتا ہے کہ یہاں ایک بڑا پولیس افسر ہوا کرتا تھا وہ میرا دوست تھا اس نے پہلے میرے چوزے چوری کرنے والے ملزم کو پکڑا تھا۔
بچے نے پولیس اہلکار کو مزید بتایا کہ جب ملزم پانی بھرنے اپنے مقام پر آئے گا، تو اس کی نشاندہی کر دے گا تاکہ اسے پکڑنے میں آسانی ہو۔
پولیس اہلکار اور بچے کے درمیان ہونے والی گفتگو کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی اور بچہ اس وقت کئی میڈیا انٹرویورز میں بھی سامنے آچکا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حیدر علی صبح پیپر دینے کے لیے اسکول جا رہا تھا کہ اس نے دڑبے سے مرغی کو غائب دیکھا جب اس نے یہ بات والد کو بتائی تو انہوں نے کہا کہ مرغی کو کتا کھا گیا ہوگا۔ تاہم اسکول جاتے ہوئے راستے میں جب بچے کو پولیس موبائل کھڑی نظر آئی تو اس کے دل کی بات زبان پر آگئی جو پھر وائرل ہوکر زبان زد عام ہوگئی۔
اس ویڈیو کی مقبولیت اتنی پھیلی کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بھی اس سے ملاقات کیے بغیر نہ رہ سکے۔
رانا سکندر نے مذکورہ بچے کو دفتر بلایا اور اس سے گپ شپ لگائی۔ گھمایا پھرایا اور تحائف دینے کے ساتھ اسے اعلیٰ تعلیم دلانے کا وعدہ بھی کیا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟