عرفان پٹھان کا ویرات کوہلی پر گہرا طنز!
آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکامی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے بھارت کے اخراج کا غصہ عرفان پٹھان نے ویرات کوہلی پر طنز کر کے نکال لیا۔ بھارت کو سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ نہ صرف سیریز گنوانی پڑی بلکہ اس کا جون میں انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا […]
آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکامی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے بھارت کے اخراج کا غصہ عرفان پٹھان نے ویرات کوہلی پر طنز کر کے نکال لیا۔
بھارت کو سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ نہ صرف سیریز گنوانی پڑی بلکہ اس کا جون میں انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا مسلسل تیسری بار فائنل کھیلنے کا خواب بھی چکنا چور ہو گیا۔
اس سیریز میں جہاں کپتان روہت شرما کی خراب فارم نے ٹیم کے لیے مسئلہ پیدا کیا۔ وہیں سینئر بیٹر ویرات کوہلی کا بلا بھی خاموش رہا اور وہ سیریز کی 8 اننگ میں صرف ایک سنچری کی مدد سے 190 رنز ہی بنا پائے اور صرف یہی نہیں بلکہ وہ تمام اننگز میں ایک ہی طریقے سے آؤٹ ہوئے۔
اس صورتحال پر کبھی ویرات کوہلی کے گُن گانے والے سابق بھارتی فاسٹ بولر اور موجودہ کمنٹیٹر بھی سخت غصے میں دکھائی دیے اور اس کا اظہار انہوں نے ویرات کوہلی پر گہرا طنز کرتے ہوئے سارا غبار نکال دیا۔
اسٹار اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کوہلی کے ڈومیسٹک کرکٹ نظر انداز کرنے پر گہرا طنز کیا اور کہا کہ ہمیں سپر اسٹار کلچر ختم کرنے کی ضرورت ہے اور ٹیم کلچر بنانا ہے۔
عرفان پٹھان نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل بھی انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا، لیکن وہ نہیں کھیلے۔
اس موقع پر میزبان نے سوال کیا کہ ویرات کوہلی نے آخری بار ڈومیسٹک کرکٹ کب کھیلی تھی۔ عرفان پٹھان نے کہا کہ انہوں نے آخری بار 2012 میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا اور اس کو 12 سال گزر چکے ہیں۔ حال ہی میں سچن ٹنڈولکر تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیل چکے ہیں، لیکن کوہلی اس جانب نہیں آتے۔
سابق آل راؤنڈر نے کوہلی کے سیریز میں ایک ہی طریقے سے آؤٹ ہونے کے حوالے سے سنیل گواسکر کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ ہم ویرات کوہلی کا نیچا نہیں دکھا رہے۔ انہوں نے بھارت کے لیے شاندار کھیل پیش کیا ہے اور بہت زیادہ رنز کیے ہیں لیکن وہ ایک ہی غلطی بار بار دہرا رہے ہیں اور سنیل گواسکر نے اسی بات کی نشاندہی کی ہے۔
عرفان پٹھان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویرات اور سنیل گواسکر دونوں ایک ہی جگہ (آسٹریلیا) میں موجود ہیں، تو کوہلی کو گواسکر کے پاس آنے اور اپنی غلطی کو سدھارنے کے لیے بات کرنے میں کیا ہچکچاہٹ ہے۔ انہیں غلطی کو سدھارنے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے لیکن افسوس یہ چیز میں نے کوہلی میں نہیں دیکھی۔
واضح رہے کہ گواسکر بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر کوئی سینئر کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلتا تو انہیں باہر بٹھانے اور ان پر ٹیسٹ ٹیم کے دروازے بند کرنے کی ضرورت ہے۔
روہت شرما اور ویرات کوہلی کا مستقبل؟ بھارتی ہیڈ کوچ نے بڑی بات کہہ ڈالی
آپ کا ردعمل کیا ہے؟