صورت حال مزید سنگین، ایک ہی دن پولیو وائرس کے 4 کیسز کی تصدیق
اسلام آباد: پاکستان میں پولیومائلائٹس کی صورت حال مزید سنگین ہو گئی ہے، ایک ہی دن پولیو وائرس کے 4 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق موذی پولیو وائرس نے پاکستان میں پنجے گاڑ دیے ہیں، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایک ہی روز کے دوران پولیو وائرس کے چار […]
اسلام آباد: پاکستان میں پولیومائلائٹس کی صورت حال مزید سنگین ہو گئی ہے، ایک ہی دن پولیو وائرس کے 4 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق موذی پولیو وائرس نے پاکستان میں پنجے گاڑ دیے ہیں، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایک ہی روز کے دوران پولیو وائرس کے چار کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق این آئی ایچ کی نیشنل ریفرنس لیب نے پولیو کیسز کی تصدیق کی ہے، رواں سال کے پولیو وائرس کیسز کی تعداد 32 تک پہنچ گئی، حالیہ چار کیسز میں سندھ سے 3، اور خیبر پختونخوا سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
سندھ میں جیکب آباد کی یونین کونسل ٹھل ٹو سے 2 کیس رپورٹ ہوئے، جن میں 32 ماہ کی ایک بچی، اور ڈیڑھ سال کا ایک بچہ شامل ہیں، جب کہ ملیر کی یو سی ابراہیم حیدری کا 6 سالہ بچہ بھی پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یو سی ابراہیم حیدری کا پولیو سے متاثرہ بچہ انتقال کر چکا ہے، اور بچے کا انتقال پولیو ٹیسٹ سے قبل ہوا۔
ملک کا چوتھا کیس ڈیرہ اسماعیل خان کی یو سی مورگہ سے رپورٹ ہوا ہے، جہاں 22 ماہ کے ایک بچے میں پولیو کی تصدیق کی گئی۔
پولیو کے رپورٹ ہونے والے ان کیسز کی جینیاتی تشخیص کا عمل جاری ہے، رواں سال بلوچستان سے 16 پولیو کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ سندھ سے 10، پنجاب سے ایک پولیو کیس سامنے آیا ہے، خیبر پختونخوا سے چار، اور اسلام آباد ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟