شکیب الحسن نے بنگلہ دیشی قوم سے معافی مانگ لی
بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شکیب الحسن نے طلبہ احتجاج کے دوران اپنی خاموشی پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شکیب الحسن جنہوں نے گزشتہ سال سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ میں شمولیت اختیار […]
بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شکیب الحسن نے طلبہ احتجاج کے دوران اپنی خاموشی پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شکیب الحسن جنہوں نے گزشتہ سال سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور ان کی کابینہ کے رکن اسمبلی بنے تھے۔ انہوں نے طلبہ احتجاج کے دوران اپنی خاموشی پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن نے تین ماہ قبل ملک میں ہونے والے طلبہ احتجاج کے دوران اپنے خاموش رہنے پر قوم سے معافی مانگی ہے اور بنگلہ دیشی عوام کو ان کے آخری ٹیسٹ میچ میں سپورٹ کرنے کی گزارش کی ہے۔
شکیب الحسن نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میری خاموشی پر جنہیں دکھ پہنچا ہے ان سے میں خلوص دل سے معافی چاہتا ہوں۔ میں ہوم گراؤنڈ پر اپنا آخری میچ کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتا ہوں اور خواہش ہے کہ میرے فینز اس موقع پر گراؤنڈ میں مجھے سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہوں۔ میں آپ سب کے ساتھ مل کر کرکٹ کو گُڈ بائے کہنا چاہتا ہوں اور الوداع کے موقع پر میں اپنے فینز کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک کے دوران جن طالب علموں نے قربانیاں دیں، میں انہیں بڑے احترام سے دیکھتا ہوں۔ اس تحریک کے دوران جو شہید یا زخمی ہوئے وہ بھی میرے لیے قابلِ احترام ہیں اور میں ان کی فیملیز کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں۔
شکیب الحسن نے یہ بھی کہا کہ میں آپ سب کے احساسات کو عزت دیتا ہوں اور خلوص دل سے معافی مانگتا ہوں، میں بھی آپ کی جگہ ہوتا تو اپ سیٹ ہوتا۔
واضح رہے کہ کرکٹ کیریئر کے دوران سیاست کا رخ کرنے والے شکیب الحسن رواں سال عوامی لیگ کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، حکومت ختم اور پارلیمنٹ تحلیل ہوتے ہی ان کی رکن اسمبلی کی حیثیت بھی ختم ہوگئی تاہم جولائی میں ہونے والے ملک گیر طلبہ احتجاج میں انہوں نے مسلسل خاموشی اختیار کیے رکھی تھی جس پر بنگلہ دیشی عوام سمیت ان کے فینز نے بھی ان سے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ شکیب الحسن نے گزشتہ ماہ دورہ بھارت کے دوران آخری ٹیسٹ میچ سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنی سر زمین پر جنوبی افریقا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر آخری ٹیسٹ کھیلیں اگر یہ موقع نہ ملا تو بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔
جنوبی افریقا اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ 21 اکتوبر سے ڈھاکا میں شروع ہو گا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟