خاتون اسکول ٹیچر نے 15 طلبہ کے بالوں پر قینچی چلا دی
حیدرآباد : بھارت میں ایک خاتون اسکول ٹیچر نے طلبہ کے بالوں کا ہیئر اسٹائل ناپسندیدہ قرار دے کر ان پر قینچی چلادی، بے ڈھنگے بال کٹنے پر طلبہ اور والدین نے شدید احتجاج کیا۔ بھارت کے شہر حیدرآباد کے ایک اسکول میں خاتون ٹیچر کی جانب سے 15 طلبہ کے بال ناپسندیدہ قرار دے […]
حیدرآباد : بھارت میں ایک خاتون اسکول ٹیچر نے طلبہ کے بالوں کا ہیئر اسٹائل ناپسندیدہ قرار دے کر ان پر قینچی چلادی، بے ڈھنگے بال کٹنے پر طلبہ اور والدین نے شدید احتجاج کیا۔
بھارت کے شہر حیدرآباد کے ایک اسکول میں خاتون ٹیچر کی جانب سے 15 طلبہ کے بال ناپسندیدہ قرار دے کر کاٹ دیئے گئے جس پر ٹیچر کو معطل کردیا گیا۔
اسکول کے احاطہ میں کھڑا کرکے جن 15طلبہ کے بال کاٹے ہیں ان میں ہشتم، نہم اور دہم جماعت کے طلبہ شامل ہیں۔
انگلش ٹیچر شریشا کو شکایت تھی کہ ان بچوں کا کلاس میں رویہ انتہائی بدتمیزی اور بد اخلاقی پر مبنی تھا، ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کلاس میں ان طلبہ سے سوالات کے جوابات پوچھے جاتے تو یہ جواب دینے کے بجائے اپنے بالوں کو بار بار اچھالتے رہتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کئی بار ان طلبہ کو اسکول آتے ہوئے بال تراش کر اور انہیں طریقے سے سنوار کر آنے کی ہدایت دی جاتی تھی لیکن وہ بے سود ثابت ہوئی۔
آخرکار تنگ آکر ٹیچر شریشا نے بے ڈھنگے انداز سے ان کے بال کٹوا دیئے جس کے بعد طلبہ اور ان کے والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے شکایت کی اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس حوالے سے ڈی ای او ایجوکیشن سوما شیکھر شرما نے میڈیا کو بتایا کہ احتجاج کے بعد ٹیچر شریشا کو معطل کرکے واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
دریں اثنا ٹیچرز کی مختلف تنظیموں نے ٹیچر شریشا کی معطلی کے حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ٹیچر کو ’بیسٹ ٹیچر‘ کا ایوارڈ مل چکا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟