حسام قاضی: پی ٹی وی کے بے مثال اداکار کا تذکرہ

پاکستان ٹیلی ویژن کے فن کاروں کی کہکشاں میں شامل کئی چہرے اُس نسل کی یادوں کا حصّہ ہیں جس نے گزشتہ صدی کی آخری دہائیوں میں ہوش سنبھالا۔ حسام قاضی ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جو ٹی وی ڈراموں میں اپنے کرداروں کی بدولت ناظرین میں مقبول ہوئے۔ 3 جولائی 2004ء کو اداکار […]

 0  2
حسام قاضی: پی ٹی وی کے بے مثال اداکار کا تذکرہ

پاکستان ٹیلی ویژن کے فن کاروں کی کہکشاں میں شامل کئی چہرے اُس نسل کی یادوں کا حصّہ ہیں جس نے گزشتہ صدی کی آخری دہائیوں میں ہوش سنبھالا۔ حسام قاضی ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جو ٹی وی ڈراموں میں اپنے کرداروں کی بدولت ناظرین میں مقبول ہوئے۔ 3 جولائی 2004ء کو اداکار حسام قاضی انتقال کرگئے تھے۔ آج ان کی برسی ہے۔

حسام قاضی نے 4 مارچ 1961ء کو کوئٹہ کے ایک گھرانے میں آنکھ کھولی۔ زندگی نے انھیں بہت کم مہلت دی اور صرف 42 سال جیے۔ کراچی میں وفات پانے والے حسام قاضی کے فنی کیریئر کا آغاز ڈراما "خالی ہاتھ” سے ہوا تھا۔ یہ کوئٹہ سینٹر کی پیشکش تھی اور اس کے پروڈیوسر دوست محمد گشکوری تھے۔ اس دور میں‌ پی ٹی وی باکمال ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامہ سیریل "چھاؤں” کے ایک کردار سے حسام قاضی کو ملک گیر شہرت ملی۔ زمانۂ طالبِ علمی میں‌ اداکاری کا آغاز کرنے والے حسام قاضی کامرس کے مضمون میں ماسٹرز کی ڈگری لینے کے بعد تدریس سے وابستہ ہوگئے۔ کوئٹہ کے ایک کالج میں بطور لیکچرار خدمات انجام دینے کے ساتھ حسام قاضی نے اداکاری کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ منفرد آواز انداز اور متاثر کن شخصیت کے ساتھ اپنے خوب صورت لب و لہجہ سے حسام قاضی نے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا۔ حسام قاضی پی ٹی وی کوئٹہ مرکز کے قابلِ ذکر فن کاروں میں سے ایک تھے۔

اداکار حسام قاضی کے مشہور ڈرامہ سیریلوں میں ماروی، چاکرِ اعظم، ایمرجنسی وارڈ، کشکول شامل ہیں۔ ان کی آخری زیرِ تکمیل ڈرامہ سیریل ’’مٹی کی محبت‘‘ تھی۔ سنہ 2000ء میں‌ حسام قاضی کو دل کے عارضے کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم علاج اور دیکھ بھال کے بعد وہ طبیعت میں‌ بتدریج بہتری محسوس کررہے تھے۔ اداکار نے آرام کی غرض سے کالج میں اپنی ذمہ داریوں‌ سے طویل رخصت لے رکھی تھی اور اپنے کنبے کے ساتھ کراچی منتقل ہوگئے تھے۔

پاکستان ٹیلی ویژن پر حسام قاضی نے اپنے وقت کے باکمال اور سینئر فن کاروں کے ساتھ کام کیا اور ان کے درمیان اپنی شناخت بنانے میں کام یاب ہوئے۔ ماروی کو حسام قاضی کے کیریئر کا ایسا کھیل کہا جاسکتا ہے جسے زبردست مقبولیت حاصل ہوئی اور حسام قاضی کا کردار ناظرین کی توجہ کا مرکز رہا۔

آپ کا ردعمل کیا ہے؟

like

dislike

love

funny

angry

sad

wow