جین فونڈا: فلموں کی کام یاب اداکارہ خواتین میں مقبول کیوں ہیں؟
جین فونڈا کبھی امریکی نوجوانوں کے لیے فیشن آئیکون کا درجہ رکھتی تھیں۔ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکارہ جین فونڈا آج ماضی کی مقبول اداکارہ اور ماڈل کہلاتی ہیں لیکن انھیں صرف بطور اداکارہ ہی یاد نہیں کیا جاتا بلکہ وہ انسانی حقوق کی علم بردار، زمین اور اس کے ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی […]
جین فونڈا کبھی امریکی نوجوانوں کے لیے فیشن آئیکون کا درجہ رکھتی تھیں۔ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکارہ جین فونڈا آج ماضی کی مقبول اداکارہ اور ماڈل کہلاتی ہیں لیکن انھیں صرف بطور اداکارہ ہی یاد نہیں کیا جاتا بلکہ وہ انسانی حقوق کی علم بردار، زمین اور اس کے ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی پہچانی جاتی ہیں۔ آج یہ اداکارہ 85 برس کی ہوچکی ہیں لیکن امریکا میں جہاں ان کی فلموں پر بات کی جاتی ہے وہیں خاص طور پر خواتین انھیں ایک خوب صورت اور سدا بہار شخصیت کے طور پر بھی سراہتی ہیں۔
جین فونڈا نے اپنے براڈ وے کیریئر کا آغاز 1960ء میں ڈرامے ’دیئر واز اے لِٹل گرل‘ سے کیا تھا اور اس کردار پر انھیں بہترین اداکارہ کے زمرے میں ٹونی ایوارڈ کے لیے نام زد کیا گیا تھا۔جین فونڈا نے ساٹھ ہی کی دہائی میں براڈ وے کے ساتھ آخری ڈرامہ ’اسٹرینج انٹرلیوڈ‘ کیا تھا۔ لیکن 46 سال بعد وہ پھر نیو یارک کے براڈ وے کے بینر تلے اسٹیج ڈرامے میں نظر آئیں۔ ادکارہ نے اکہتر سال کی عمر میں اس ڈرامے میں ایک قریبُ المرگ محقق کا کردار ادا کیا جو شہرۂ آفاق دھنوں کے خالق اور مشہور موسیقار بِیتھوون کی دھنوں پر تحقیق میں مصروف ہے۔
جین فونڈا کے فنِ اداکاری کو ان کے دورِ عروج میں کئی مشہور فلمی میگزین اور معتبر امریکی اخبارات میں شایع ہونے والے مضامین میں سراہا گیا تھا۔ جین فونڈا نے ’کلُوٹ‘ اور ’کمنگ ہوم‘ میں اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ فلم ’باربریلا‘ میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا تھا۔ امریکی فلمی صنعت میں کام یابیاں سمیٹنے کے ساتھ جین فونڈا نے ٹیلی ویژن پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور انھیں بہت سراہا گیا۔ جین فونڈا نے فلم کمنگ ہوم، آن گولڈن پونڈ اوار نائن ٹو فائیو میں زبردست اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کی تھی۔ اداکارہ نے حال ہی میں نیٹ فلکس کی مشہور سیریز گریس اینڈ فرینکی میں بھی کام کیا ہے۔
جین سیمور فونڈا 21 دسمبر 1937 کو نیو یارک سٹی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد ہنری فونڈا امریکا کے مشہور اداکاروں میں سے ایک تھے جنھوں نے براڈ وے اور ہالی وڈ کے لیے کام کیا۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد جین فونڈا نے ماڈلنگ کی دنیا سے ناتا جوڑا اور اپنے زمانے کے مشہور اور قابلِ ذکر رسائل میں ان کی تشہیری سرگرمیاں اور فوٹو شوٹ شایع ہونے لگے۔ 1954 میں جین فونڈا آرٹ میں دل چسپی لینے لگیں اور پھر پیرس چلی گئیں جہاں چھے ماہ تک آرٹ کی تعلیم و تربیت کے مراحل طے کیے۔ واپسی پر 1958 میں جین فونڈا کی ملاقات لی اسٹراسبرگ سے ہوئی۔ جین فونڈا اپنے انٹرویوز میں بتاتی ہیں کہ اس ملاقات نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔ کیوں کہ والد کے بعد لی اسٹراسبرگ وہ پہلا شخص تھا جس نے مجھے بتایا کہ میرے پاس ٹیلنٹ ہے، حقیقی ٹیلنٹ۔ اور تب میں نے فلموں میں اداکاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ اداکارہ جین فونڈا کے کیریئر کو پہلی شان دار کام یابی 1965ء کی فلم Cat Ballou سے ملی اور کہتے ہیں کہ اس فلم کے بعد جین فونڈا ایسی اداکارہ مشہور ہوگئی جس کی ہر فلم بزنس ضرور کرتی ہے۔ اگلے سال اس نے اپنی پہلی فلم The Chase میں مرکزی کردار ادا کیا اور فلمی اداکارہ کے ساتھ ساتھ دوسری طرف شہری حقوق کی تحریک اور ویتنام جنگ کی مخالفت کے ساتھ جین فونڈا نے سیاسی اور سماجی سرگرمیاں بھی شروع کر دیں۔ وہ مختلف پلیٹ فارمز سے منسلک ہوکر زمین اور ماحول کو نقصان سے بچانے کی کوششیں اور اس ضمن میں حکومتی پالیسیوں پر نکتہ چینی اور اقدامات کا مطالبہ کرتی نظر آئیں۔ اس پر انھیں گرفتار بھی کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو تحفظ اور ہر شعبہ ہائے حیات میں ان کے کردار کو اہمیت دینے کے لیے حکومت سے اقدامات کا مطالبہ کرنے والوں کی صف میں آگے تھیں۔ انھوں نے کئی دہائیوں کے دوران خواتین کے حقوق سے لے کر معمولی اجرت اور بخشش پر انحصار کرنے والے ملازمین کے لیے مناسب تنخواہوں کا مطالبہ کیا اور احتجاجی مظاہروں میں شریک رہیں۔
چند سال پہلے وہ لاس اینجلس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق احتجاج کے دوران گرفتار ہوئیں اور یہ وہ وقت تھا جب انھیں برطانوی بافٹا ایوارڈ وصول کرنا تھا۔ وہ خود یہ ایوارڈ وصول نہیں کرسکی تھیں مگر اس تقریب موقع پر آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کو ہتھکڑی لگا کر لے جانے کی ویڈیو دکھائی گئی اور اس دوران جین فونڈا یہ کہتی سنائی دیں؛ بافٹا آپ کا شکریہ، میں آپ کی بہت ممنون ہوں۔ ماضی یہ معروف اور خوب صورت اداکارہ دو مرتبہ بافٹا اور چار مرتبہ گولڈن گلوب ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں۔
دوسری طرف چند دہائیوں کے دوران جین فونڈا کی جسمانی صحت، ان کی فٹنس اور معمولات بھی امریکی خواتین میں خاص طور پر موضوعِ گفتگو رہے ہیں۔ امریکی خواتین یہ جاننے میں دل چسپی رکھتی ہیں کہ آخر جین فونڈا نے خود کو کیسے بڑھاپے کے اثرات سے محفوظ رکھا ہوا ہے؟ جین فونڈا اس ضمن میں اپنے معمولاتِ زندگی بیان کرتے ہوئے خواتین کو مختلف مشورے دیتی ہیں۔ وہ سمجھتی ہیں کہ اگر آپ دیرپا جوانی کی خواہش مند ہیں تو زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں دیر مت کریں۔ یہ شیڈول بنائیں کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں اور اپنی منفی عادات ترک کر دیں۔ وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ عمر کو سیڑھیوں کی طرح لیں اور پریشان نہ ہوں بلکہ یہ سمجھیں کہ ہر بڑھتا قدم آپ کی کام یابی کی ضمانت ہے۔ ورزش کو معمول بنائیں جو آپ کی دماغی صحت میں بہتری لائے گا جب کہ عمر کے کسی بھی حصے میں اچھا نظر آنے کے لیے اپنے چہرے، لباس اور عادات پر توجہ دیں اور متوازن غذا کا استعمال کریں۔ اداکارہ نے جسمانی فٹنس اور صحت و کارکرگی کو بہتر بنانے سے متعلق کئی مضامین بھی لکھے ہیں۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟