ایلوس پریسلے: امریکی گلوکار جس کی شخصیت کا سحر آج بھی برقرار ہے
ایلوس پریسلے کی شخصیت کا سحر آج بھی برقرار ہے۔ شہرۂ آفاق گلوکار کے گیتوں کے ریکارڈز اب بھی بڑی تعداد میں فروخت ہوتے ہیں جس سے ان کی مقبولیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ 16 اگست 1977ء کو ایلوس پریسلے چل بسے تھے۔ امریکہ میں ہر سال میمفس میں واقع ایلوس پریسلے کی جائے […]
ایلوس پریسلے کی شخصیت کا سحر آج بھی برقرار ہے۔ شہرۂ آفاق گلوکار کے گیتوں کے ریکارڈز اب بھی بڑی تعداد میں فروخت ہوتے ہیں جس سے ان کی مقبولیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
16 اگست 1977ء کو ایلوس پریسلے چل بسے تھے۔ امریکہ میں ہر سال میمفس میں واقع ایلوس پریسلے کی جائے سکونت گریس لینڈ وِلا پہنچ کر ان کے مداح اس گلوکار کی یاد تازہ کرتے ہیں۔ یہ تعداد سالانہ چھے لاکھ تک پہنچتی ہے۔ ایلوس پریسلے کو ’’کنگ آف راک‘‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ اس گلوکار کے فن و شخصیت پر کئی کتابیں شایع ہوچکی ہیں اور فلمیں بھی بنائی گئی ہیں۔ ایلوس پریسلے 1977ء میں اپنی شہرت کے بامِ عروج پر تھے جب دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ صرف 42 سال جیے۔
ایلوس آرون پریسلے 8 جنوری 1935ء کو ایک غریب امریکی خاندان میں پیدا ہوئے۔ پریسلے کے والدین کا ہاتھ ہمیشہ تنگ رہتا تھا۔ وہ مسی سپی کے چھوٹے سے شہر ٹوپیلو کے میں پلا بڑھا۔ والدین اپنے بیٹے کو باقاعدگی سے چرچ لے جاتے تھے جہاں ایلوس کو موسیقی سے لگاؤ پیدا ہوا۔ موسیقی سے ننھّے ایلوس کی انسیت وقت کے ساتھ بڑھتی رہی اور وہ وقت بھی آیا جب ’’ہارٹ بریک ہوٹل‘‘ نامی ایک گیت نے نوجوان گلوکار کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ یہ گیت ایلوس پریسلے نے 1956ء میں گایا تھا۔ اس زمانے میں نوجوان نسل نے ایک نئی اور منفرد آواز سنی تھی جس میں فن کار اپنے گٹار کے ساتھ جھومتا ہوا سیدھا ان کے دلوں میں اتر گیا۔ سبھی اُس کے دیوانے ہوگئے۔
امریکی نوجوانوں پر اپنا جادو چلانے والے ایلوس پریسلے نے موسیقی کے میدان میں وہ کام یابیاں سمیٹیں کہ جلد ہی پوری دنیا میں پہچانے جانے لگے۔ اُن کے گیتوں کے ریکارڈ بڑی تعداد میں فروخت ہوئے۔ ایلوس پریسلے نے کئی شان دار کنسرٹس کیے۔ لیکن شہرت اور مقبولیت کے زینے طے کرتے ہوئے وہ کثرتِ شراب نوشی اور منشیات کا استعمال بھی کرنے لگے تھے اور بالآخر گریس لینڈ میں ان کی زندگی کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا۔
اس بے مثال فن کار نے اپنے کیریئر کے دوران 800 سے زیادہ گیت گائے اور 33 فلموں میں بطور ہیرو بھی جلوہ گر ہوئے۔ تاہم ان کی وجہِ شہرت پاپ میوزک ہے۔ ایلوس کی بیٹی لیزا میری پریسلے کی شادی 1994ء میں پاپ میوزک کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کے ساتھ ہوئی تھی جو دو سال سے بھی کم عرصہ تک برقرار رہ سکی۔ وہ بھی گلوکارہ اور نغمہ نگار کی حیثیت سے پہچانی جاتی تھیں۔ لیزا بھی اب اس دنیا میں نہیں رہی ہیں۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟