آئی سی سی کے اگلے چیئرمین جے شاہ ہوں گے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی کے اگلے چیئرمین جے شاہ ہوں گے انہیں آسٹریلیا اور انگلینڈ نے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے نومبر میں اپنا […]
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی کے اگلے چیئرمین جے شاہ ہوں گے انہیں آسٹریلیا اور انگلینڈ نے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے نومبر میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے اور انہوں نے گزشتہ رات ایک ویڈیو کال میں آئی سی سی ڈائریکٹرز کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بارے میں بتایا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے موجودہ سیکریٹری جے شاہ، گریگ بارکلے کی جگہ آئی سی سی کے اگلے چیئرمین کا منصب سنبھالیں گے۔
اس عہدے کے لیے نامزدگی فارم 27 اگست تک جمع کرائے جا سکتے ہیں اور ایک سے زیادہ امیدوار ہونے کی صورت میں زیادہ ووٹ لینے والا نیا چیئرمین منتخب ہوگا۔
گریگ بارکلے نے اپنا یہ فیصلہ جے شاہ کی جانب سے آئی سی سی چیئرمین بننے کی خواہش ظاہر کرنے کے بعد کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ انہیں اس فیصلے میں دیگر اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
آئی سی سی ترجمان نے دی ایچ کو بتایا کہ گریگ بارکلے نے کونسل کو تصدیق کی ہے کہ وہ تیسری مدت کے لیے کھڑے نہیں ہوں گے اور نومبر میں اپنی موجودہ مدت ختم ہونے پر دستبردار ہو جائیں گے۔
دوسری جانب جے شاہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت آئی سی سی کے اہم رکن ممالک سے حمایت حاصل کی ہے جس کی وجہ سے وہ کم از کم اگلے تین سالوں کے لیے آئی سی سی کے نئے چیئرمین بننے کی پوزیشن میں ہیں۔
واضح رہے کہ جے شاہ جو اس وقت بی سی سی آئی کے سیکریٹری ہیں۔ ان کا عہدہ آئندہ سال ختم ہو جائے گا۔ اگر وہ آئی سی سی چیئرمین بنتے ہیں تو 35 سال کی عمر میں وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سب سے کم عمر چیئرمین ہوں گے۔
جے شاہ کی بطور چیئرمین آئی سی سی ممکنہ تقرری ایسے وقت میں ہوگی جب آئندہ سال فروری، مارچ میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت پر شکوک وشبہات ہیں جو اس تقرری سے مزید گہرے ہو جائیں گے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟