ارشد ندیم سے متعلق رانا مشہود نے اپنے بیان کی وضاحت کردی
چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ارشد ندیم سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے یوتھ فیسٹیول شروع کیے تھے اس دوران ہم نے نوجوان ٹیلنٹ کو […]
چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ارشد ندیم سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے یوتھ فیسٹیول شروع کیے تھے اس دوران ہم نے نوجوان ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم دینا شروع کیا تھا جو کسی بھی فیلڈ میں آگے آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم 2012 کے یوتھ فیسٹیول کی دریافت ہیں اور ان کا شہباز شریف سے پرانا تعلق ہے، ارشد ندیم کی مالی مدد بھی کی گئی، ان کی اکثر شہباز شریف سے ملاقات ہوتی رہی ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ چند ماہ قبل ارشد ندیم نے رابطہ کیا تھا اور بتایا تھا کہ ویزا کے مسائل ہیں، جیولین نہیں ہیں تو وزیراعظم نے انہیں بلا کر سہولیات مہیا کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ہمیشہ یوتھ کو پلیٹ فارم دینے اور ان پر انویسٹ کرنے کی بات کرتے ہیں جب یہ ایونٹ تھا تو شہباز شریف نے کہا مجھے یہ مقابلہ دیکھنا ہے تو ہم نے اکٹھے بیٹھ کر جیولین تھرو کا مقابلہ دیکھا اور اللہ کے فضل سے تاریخی کامیابی ملی۔
رانا مشہود نے کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر وزیراعظم کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل دو بچیوں نے پاور لفٹنگ میں جو چار، چار گولڈ میڈل جیتے ہیں یہ بھی یوٹھ فیسٹیول کی ہی دریافت ہیں، ہمارے پاس ٹیلنٹ موجود ہے اگر انہیں ماحول اور پلیٹ فارم مہیا کیے جائیں تو وہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔
رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ ہم نے ہر بچے کو موقع دینا ہے، رواں سال جو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونے جارہا ہے ہم اسے گراس روٹ لیول سے شروع کررہے ہیں، جو ٹیلنٹ سامنے آئے گا اس کے لیے اسپورٹس اکیڈمیز بنائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی ہے اور ان کے لیے اعلیٰ حکام کی جانب سے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟