ڈپریشن اور انزائٹی میں کون سے وٹامنز بے حد مفید ہیں؟
ڈپریشن اور انزائٹی یعنی افسردگی یا اضطراب ایسے امراض ہیں جن سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں، کئی لوگ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے لیکن حقیقت یہی ہے کہ ڈپریشن بھی ایک باقاعدہ بیماری ہے۔ ڈپریشن یا انزائٹی کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل […]
ڈپریشن اور انزائٹی یعنی افسردگی یا اضطراب ایسے امراض ہیں جن سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں، کئی لوگ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے لیکن حقیقت یہی ہے کہ ڈپریشن بھی ایک باقاعدہ بیماری ہے۔
ڈپریشن یا انزائٹی کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے مگر اچھی خبر یہ ہے کہ کچھ وٹامنز ایسے ہیں کہ جن کے استعمال سے ڈپریشن اور انزائٹی سے نجات مل سکتی ہے۔
اچھی صحت کے لیے مفید اور وٹامنز سے بھرپور غذا کے استعمال سے ذہنی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر عرفان عظیم نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپریشن اور پریشانی سے بچاؤ کے لیے بہترین وٹامنز کون سے ہیں جو ڈپریشن کو کم کرنے میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وٹامن بی 12 اور دیگر بی وٹامنز دماغی کیمیکل بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں موڈ اور دماغ کے دیگر افعال کو متاثر کرتا ہے جبکہ وٹامن بی6 اور فولیٹ کی کم سطح ڈپریشن سے منسلک ہو سکتی ہے جبکہ وٹامن ڈی نفسیاتی مریضوں میں ایک ممکنہ اینٹی ڈپریسنٹ ہے۔
وٹامن بی 12 کیا ہے؟
وٹامن بی 12 ایک پانی میں حل ہونے والا وٹامن ہے جو دماغ اور اعصابی نظام کی کارکردگی اور خون کے بننے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ یہ وٹامن بی کمپلیکس کے گروپ سے تعلق رکھتا ہے اس گروپ میں کل 8 وٹامن ہوتے ہیں۔
سبزی خور سب سے زیادہ وٹامن بی 12 کی کمی کا شکار ہوتے ہیں جو بنیادی طور پر جانوروں میں پایا جاتا ہے۔
وٹامن بی 12 کی کمی کا علاج غذا کے ذریعے کیا جا سکتا ہے اس کے لیے گوشت، انڈے، مچھلی اور دودھ کی مصنوعات استعمال کی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح وٹامن بی 12 کی شدید کمی کی صورت میں مطلوبہ مقدار کے لیے انجکشن بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
وٹامن بی 6 کیا ہے؟
اس کے علاوہ وٹامن بی 6 مختلف جسمانی افعال میں اہم کردار ادا کرتا ہے، یہ میٹابولزم سے لے کر جلد کی صحت اور مدافعتی اور اعصابی نظام کے درست کام کرنے کے لیے ضروری ہے۔ وٹامن بی 6 سے ہمارے جسم کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
وٹامن بی 6 کیلئے ان غذاؤں کا استعمال کیا جاسکتا ہے جن میں سالمن مچھلی، چکن بریسٹ، پستہ ،آلو بخارا، سورج مکھی کے بیج پالک کیلا اور چنے شامل ہیں۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟