ٹی 20 ورلڈ کپ : اعظم خان بھارت کیخلاف میچ سے باہر، ذرائع
نیویارک : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سب سے اہم پاک بھارت میچ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو اس میچ سے باہر کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین آج […]
نیویارک : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سب سے اہم پاک بھارت میچ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو اس میچ سے باہر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین آج بروز اتوار کھیلے جانے والے میچ سے قبل قومی ٹیم میں کی جانے والی تبدیلی سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آج نیویارک کے اسٹیڈیم میں مدمقابل آرہے ہیں جہاں پاکستان کے کھلاڑی اعظم خان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پریکٹس سیشن میں اعظم خان کو بیٹنگ پریکٹس نہیں کرائی گئی کیونکہ ہیڈ کوچ اعظم خان کی موجودہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اعظم خان کی جگہ قومی کرکٹر عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف میچ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے پر شائقین کی کڑی تنقید کی زد میں ہیں۔
مذکورہ میچ میں قسمت نے اعظم خان کا ساتھ نہ دیا اور وہ صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، تاہم اس صورتحال پر پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل ان کا دفاع کرتے ہوئے نظر آئے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ مڈل آرڈر میں کوئی آپشن نہیں اعظم خان کو اسکواڈ میں رکھنا پڑے گا، اعظم خان کو بھارت کے خلاف میچ میں کھلانا چاہیے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟