ملتان دوسرا ٹیسٹ: کامران غلام اور صائم ایوب نے پاکستان کو مشکل سے نکال لیا
ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگ جاری ہے 3 وکٹوں پر 173 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ قومی قائد شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے […]
ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگ جاری ہے 3 وکٹوں پر 173 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ قومی قائد شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم ابتدائی دو وکٹیں صرف 19 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔
عبداللہ شفیق 7 اور کپتان شان مسعود صرف تین رنز بنا کر انگلش اسپنر لیچ کا شکار بن گئے۔ اس موقع پر نوجوان اوپنر صائم ایوب اور ڈیبوٹنٹ کامران غلام نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے پہلے سیشن میں سست رفتاری سے بیٹنگ کی مگر کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
کھانے کے وقفے کے بعد دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سچریاں مکمل کیں۔ چائے کے وقفے سے کچھ دیر پہلے صائم ایوب 77 رنز بنا کر پوٹ کی وکٹ بن گئے۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 168 رنز تھا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 139 رنز بنا کر پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالا۔
چائے کے وقفے تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا لیے تھے۔ کامران غلام 75 اور نائب کپتان سعود شکیل 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ کو آرام دے کر ان کی جگہ کامران غلام، ساجد خان اور نعمان علی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ اسپنر ابرار احمد جو بیماری کے باعث ٹیسٹ نہیں کھیل رہے ان کی جگہ زاہد محمود نے پُر کی ہے۔
انگلینڈ ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کپتان بین اسٹوکس کی انجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوگئی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فاسٹ بولرز گس اٹکنسن اور کرس ووکس کو آرام دیا گیا ہے۔ فاسٹ بولر میٹ پوٹس کو شامل کیا گیا ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
ٹیم پاکستان:
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، ساجد خان، نعمان علی، زاہد محمود۔
ٹیم انگلینڈ:
بین اسٹوکس (کپتان)، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ، برائیڈن کارس، جیک لیچ، شعیب بشیر اور میٹ پوٹس۔
واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگ اور 47 رنز کی عبرت ناک شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔
مذکورہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور پاکستان مسلسل شکستوں کے بعد پوائنٹ ٹیبل پر سب سے آخری نویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جس کے بعد اس کے فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟