’لارنس بشنوئی نے مجھے۔۔۔‘، سلمان خان کا اہم بیان سامنے آگیا
ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی جانب سے گینگسٹر لارنس بشنوئی سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے جسے سن کر ان کے مداح حیران رہ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے انسداد بھتہ خوری سیل نے گزشتہ ماہ سلمان خان کا فائرنگ کیس میں بیان ریکارڈ کیا تھا […]
ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی جانب سے گینگسٹر لارنس بشنوئی سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے جسے سن کر ان کے مداح حیران رہ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے انسداد بھتہ خوری سیل نے گزشتہ ماہ سلمان خان کا فائرنگ کیس میں بیان ریکارڈ کیا تھا جو اُس چارج شیٹ کا حصہ ہے جو پولیس نے رواں ماہ دائر کی۔
چارج شیٹ میں سلمان خان نے لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اور اہل خانہ کو کچھ سالوں سے لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
سلمان خان نے بتایا کہ 14 اپریل کی علی الصبح گھر پر فائرنگ ہوئی، میں نے صبح 4 بج کر 55 منٹ پر گولیاں چلنے کی آواز سنی، گارڈز نے بتایا کہ دو ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور فائرنگ کر کے فرار ہوگئے، ان کا ارادہ مجھے اور فیملی کو قتل کرنا تھا۔
سُپر اسٹار نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ لارنس بشنوئی گینگ نے میرے گھر پر فائرنگ کرنے کی ذمہ داری قبول کی، مجھے یقین ہے کہ لارنس بشنوئی نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی، اس سے قبل لارنس بشنوئی اور گینگ ممبرز نے انٹرویو میں مجھے قتل کرنے کے اپنے ارادے کے بارے میں بتایا تھا۔
سلمان خان اور ان کے بھائی ارباز خان کے بیانات 4 جون کو کرائم برانچ کی چار رکنی ٹیم نے ریکارڈ کیے تھے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ اداکار کا بیان تقریباً چار گھنٹے جبکہ ارباز خان کا بیان دو گھنٹے سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
اداکار نے ماضی میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں والد سلیم خان کو ایک دھمکی آمیز خط ملا جس میں مجھے اور فیملی کو قتل کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔
سلمان خان کے مطابق مارچ 2023 میں میرے آفیشل ای میل ایڈرس پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا جس کے خلاف میں پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال جنوری میں دو لوگوں نے پنویل میں واقع میرے فارم ہاؤس پر فرضی ناموں اور شناختوں کا استعمال کرتے ہوئے داخل ہونے کی کوشش کی تھی، اس معاملے میں مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟