عرق گلاب : چہرے کی دلکشی اور صحت کا ضامن

پچھلے زمانوں میں میک اپ کے سامان کی خریدو فروخت کا رجحان نہ ہونے کے برابر تھا اس لیے خواتین اپنی خوبصورتی برقرار رکھنے کیلیے گھریلو اور دیگر قدرتی اجزاء استعمال کیا کرتی تھیں۔ چہرے کی حفاظت اور دلکشی کیلئے قدرتی اجزا اور جڑی بوٹیوں کے استعمال سے ان کا چہرہ تروتازہ اور شفاف رہتا […]

 0  6

پچھلے زمانوں میں میک اپ کے سامان کی خریدو فروخت کا رجحان نہ ہونے کے برابر تھا اس لیے خواتین اپنی خوبصورتی برقرار رکھنے کیلیے گھریلو اور دیگر قدرتی اجزاء استعمال کیا کرتی تھیں۔

چہرے کی حفاظت اور دلکشی کیلئے قدرتی اجزا اور جڑی بوٹیوں کے استعمال سے ان کا چہرہ تروتازہ اور شفاف رہتا تھا، ان ہی اشیاء میں عرق گلاب کو بنیادی حیثیت حاصل تھی۔

عرق گلاب جلد کے لیے بہت ہی قیمتی تحفہ ہے اسی لیے ماہر امراض جلد اسے مختلف بیماریوں کے لیے بھی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

روز واٹر یعنی عرق گلاب، گلاب کے پھول کی پتیوں سے نکالا جاتا ہے۔ یہ تیل خوشبویات میں استعمال ہوتا ہے۔ عرق گلاب کو ادویات کے ذائقے ،خوشبو اور میک اپ کی اشیاء میں استعمال کیا جاتا ہے۔

عرق گلاب جلد سے ضرورت سے زیادہ پانی کے اخراج کو روکتا ہےجس سے جلد ملائم چمکدار رہتی ہے۔ گرمیوں میں پسینہ زیادہ آنے سے بدبو آتی ہے جسے ختم کرنے کے لیے عرق گلاب بہت مفید ہے۔

آنکھوں کی سوجن میں مفید :

صبح اٹھ کر اگر آنکھیں سوجی ہوئی لگیں تو روئی کے ٹکڑوں کو عرق گلاب میں بھگو کر آنکھوں پررکھیں۔ اس عمل سے آنکھوں کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

جلد کی صفائی کیلئے :

روئی کو عرق گلاب میں بھگو کر اس سے چہرہ صاف کرنے سے جلد میں موجود گرد اور میل کیچل صاف ہوجاتا ہے، یہ ایک بہترین جراثیم کش بھی ہے جس کا استعمال چہرے کو نرم و ملائم کرتا ہے اسے صاف اور چمکدار بناتا ہے۔

فیس ماسک :

فیس ماسک آپ کی جلد کی رونق پر نمایاں اثر کرتے ہیں، ایک چمچ ملتانی مٹی، دو چمچ عرق گلاب اور لیموں کے رس کے چند قطرے آپس میں ملا لیں۔ اس فیس ماسک کو اپنے چہرے اور گلے پر 15منٹ کے لیے لگائیں اور پھر عام پانی سے صاف کر لیں۔

دانوں اور مہاسوں کے علاج :

دانوں اور مہاسوں کے علاج میں عرق گلاب لگانے سے یہ بیکٹیریا کی افزائش کم کر دیتا ہے، جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور مہاسوں کا خاتمہ کر دیتا ہے۔

خشک بالوں کیلئے :

شیمپو کرنے کے بعد اکثر بال خشک ہوجاتے ہیں۔ اگر بال دھونے کے بعد بالوں کی جڑوں پر عرق گلاب لگا لیا جائے تو بال خشک ہونے سے محفوظ رہیں گے۔ عرق گلاب ایک بہترین کنڈیشنر کا کام کرتا ہے اس کے علاوہ یہ سر پر خشکی پیدا کرنے والے جراثیموں کو بھی ختم کرتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ عرق گلاب جلد پر ہوجانے والی جلن اور خارش کو ختم کرتا ہے، داغوں اور جلد کی کئی بیماریوں کو دور کرتا ہے۔

جلد کے مساموں میں پھنس جانے والی مٹی اور چکناہٹ کو بھی ختم کرتا ہے اس کی اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات کی وجہ سے جلد کے خلیوں کو مضبوط کرکے اس کے ٹشوز کو دوبارہ سے بناتا ہے اور جلد پر ہونے والے زخموں کا بھی علاج کرتا ہے۔

اس کے علاوہ عرق گلاب کے چند قطرے اپنے تکیے پر چھڑکیں یہ آپ کو ایک اچھی اور میٹھی نیند دے گا۔

آپ کا ردعمل کیا ہے؟

like

dislike

love

funny

angry

sad

wow