شاہد آفریدی کا صائم ایوب سے متعلق بڑا دعویٰ!
اس وقت زخمی صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت شائقین کرکٹ کے لیے سب سے بڑا سوال ہے اور شاہد آفریدی نے اس حوالے سے بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ انٹرویو میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ صائم ایوب آئندہ ماہ پاکستان میں […]
اس وقت زخمی صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت شائقین کرکٹ کے لیے سب سے بڑا سوال ہے اور شاہد آفریدی نے اس حوالے سے بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ انٹرویو میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ صائم ایوب آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ یہ دعویٰ گزشتہ روز صائم ایوب سے فون پر ہونے والی گفتگو کے بعد کر رہے ہیں، جس میں نوجوان بیٹر نے انہیں خیریت دریافت کرنے پر بتایا کہ انہیں صحت یاب ہونے میں مزید تین ہفتے لگ سکتے ہیں اور اس کے بعد ان کی بحالی کا عمل شروع ہوگا۔
سابق کپتان نے کہا کہ میں نے صائم ایوب کو بطور کرکٹر اور بڑے بھائی کی حیثیت سے تجویز دی ہے کہ واپسی میں جلد بازی نہ کریں۔ اگر تکلیف ہو تو مکمل آرام کے بعد ٹیم میں واپس آنا تاکہ انجری کی صورتحال آگے چل کر مزید گھمبیر نہ ہو اور کیریئر کو کوئی خطرہ نہ ہو۔
شاہد آفریدی نے صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی سے قبل انجری کو ٹیم کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جس فارم میں کھیل رہے تھے۔ ان کا زخمی ہونا قومی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث ہے، کیونکہ پاکستان ٹیم میں ان کا بیک اپ نہیں ہے۔
صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور انہیں چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر لندن علاج کے لیے بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں صائم ایوب کا نام بھی شامل ہے۔ تاہم بورڈ حتمی اسکواڈ سے قبل لندن سے ان کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار کر رہا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟