سڈنی ٹیسٹ: بھارتی بلے باز پھر ناکام، پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر
سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف بھارتی بلے باز پھر ناکام ہو گئے اور پہلی اننگ میں پوری ٹیم صرف 185 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان گواسکر بارڈر ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ سڈنی میں شروع ہو چکا ہے لیکن بھارتی بلے باز یہاں بھی ناکام رہے ہیں اور پوری […]
سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف بھارتی بلے باز پھر ناکام ہو گئے اور پہلی اننگ میں پوری ٹیم صرف 185 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان گواسکر بارڈر ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ سڈنی میں شروع ہو چکا ہے لیکن بھارتی بلے باز یہاں بھی ناکام رہے ہیں اور پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہو گئی ہے۔
خراب فارم اور ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے بعد سڈنی ٹیسٹ سے کپتان روہت شرما کو ڈراپ کیا گیا اور ان کی جگہ جسپرت بمراہ قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بلے باز ان کی توقعات پر پورا نہیں اترے۔
بھارت کی جانب سے کوئی ایک بیٹر نصف سنچری بھی اسکور نہ کر سکا۔ رشبھ پنت 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اس کے علاوہ رویندرا جڈیجہ 26، کپتان جسپرت بمراہ 22 رنز ہی بنا سکے۔ روہت شرما کی جگہ لینے والے شبھمن گل بھی ناکام رہے اور صرف 20 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولینڈ سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 31 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز نے 2 اور ناتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پانچ میچوں کی سیریز میں ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ آسٹریلیا کو دو، ایک کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے۔ بھارت کو واحد فتح سیریز کے اولین ٹیسٹ میچ میں ملی تھی اور اس میں بھی جسپرت بمراہ نے ہی قیادت کی تھی۔
سڈنی ٹیسٹ میں شکست سے بھارتی ٹیم نہ صرف سیریز گنوا دے گی بلکہ آئندہ برس ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے بھی باہر ہو جائے گی۔
اس میچ میں جیت سے بھارت سیریز بچانے کے ساتھ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کی امیدیں برقرار رکھے گی، تاہم اس کے لیے اسے اگلے ماہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے نتیجے پر انحصار کرنا پڑے گا۔ آسٹریلیا سڈنی ٹیسٹ ہارنے کے باوجود سری لنکا سے ایک میچ جیت کر بھارت کا پتہ صاف کر دے گا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟