دوسرا ٹی 20: انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی
برمنگھم: انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 23 رنز سے شکست دے دی۔ برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 184 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 19.2 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فخر زمان 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان […]
برمنگھم: انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 23 رنز سے شکست دے دی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 184 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 19.2 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
فخر زمان 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان بابر اعظم 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، افتخار احمد نے 23، عماد وسیم نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
محمد رضوان صفر پر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 2، شاداب خان 3 رنز بناسکے، اعظم خان 11 اور شاہین آفریدی 9 رنز بناسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹوپلی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، معین علی اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیاتھا۔
کپتان جوز بٹلر نے 51 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 8 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
ول جیکس 37 اور جونی بیرسٹو 25 رنز بنا کر نمایاں رہے، فل سالٹ 13 رنز بنا کر عماد وسیم کا نشانہ بنے۔
ہیروی بروک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، معین علی کو 4 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا، کرس جارڈن 3 رنز بناسکے، جوفرا آرچر 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر جوز بٹلر الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بولرز کے انتخاب میں مشکل ہورہی ہے، کھلاڑیوں کے لیے سادہ پیغام ہے اپنی سو فیصد کارکردگی دکھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برمنگھم میں جب بھی کھیلتے ہیں بھرپور سپورٹ ملتی ہے۔
انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز جیتنا چاہتے ہیں، یہ سیریز ورلڈ کپ کے لیے بہت اہم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟