بیرون ملک سے پاکستان آنے والی تمام ایئرلائنز کو نئی ہدایت جاری
کراچی: منکی پاکس وائرس کے روک تھام کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والی تمام ایئرلائنز کو نئی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ ایئرلائنز تمام مسافروں کو فیس ماسک فراہم کریں، بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر ایئرلائنز اور گراؤنڈ […]
کراچی: منکی پاکس وائرس کے روک تھام کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والی تمام ایئرلائنز کو نئی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ ایئرلائنز تمام مسافروں کو فیس ماسک فراہم کریں، بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر ایئرلائنز اور گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس دینے والی کمپنیوں کا عملہ فیس ماسک لازمی پہنے گا۔
سی اے اے کے مطابق ایئرپورٹس پر سینیٹائزر کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور عملہ اور مسافروں کے ہاتھوں کو سینیٹائز کیا جائے، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کے سامان کو بھی ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔
یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ منکی پاکس کی علامات والے مسافروں کو بارڈر ہیلتھ سروسز کی ہدایت کے تحت آئیسولیٹ کیا جائے۔
’’غیر ملکی پرواز میں مشتبہ مسافر کی نشان دہی پر جہاز کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا‘‘
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے منکی پاکس کو ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیے جانے کے بعد پاکستان سمیت دیگر ممالک میں اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ وائرس پھٹی ہوئی جلد، سانس کی نالی یا آنکھوں، ناک یا منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے۔ پاکستان میں اپریل 2023 میں اس وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی تھی، جب کہ دسمبر 2023 میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیر علاج شخص کی وائرس سے موت کی تصدیق کی گئی تھی۔
محکمۂ صحت کی ایڈوائزری کے مطابق منکی پاکس انفیکشن جانوروں سے انسانوں یا ایک انسان سے دوسرے انسان میں ایک میٹر کے فاصلے سے پھیل سکتا ہے۔ مرض کی ابتدائی علامات میں بخار، سر اور پٹھوں میں درد، گلے کی خراش اور غدود کی سوجن شامل ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق دوسرے مرحلے میں جسم پر سرخ دھبے ظاہر ہونا شروع ہوتے ہیں، جو 2 سے 4 ہفتے تک رہ سکتے ہیں، مرض کی تشخیص کے بعد مریض کو ضروری سامان کے ساتھ قرنطینہ کرنا ضروری ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ منکی پاکس سے بچاؤ کے لیے ہاتھوں کی صفائی، سینیٹائزر اور این 95 ماسک کا استعمال ضروری ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟