بھارت انگلینڈ کو شکست دیکر تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا
گایانا: دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز کے سے شکست دے کر بھارت نے تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے لیے اپنی جگہ پکی کرلی۔ بھارت نے تیسری بار آئی سی ٹی 20 ورلڈکپ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے جہاں اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا، دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی بیٹنگ اس […]
گایانا: دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز کے سے شکست دے کر بھارت نے تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے لیے اپنی جگہ پکی کرلی۔
بھارت نے تیسری بار آئی سی ٹی 20 ورلڈکپ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے جہاں اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا، دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی بیٹنگ اس میچ میں بے بس نظر آئی اور 172 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 17ویں اوور میں 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، ہیری بروک 25 اور کپتان جوز بٹلر 23 رنز بناسکے، اس کے علاوہ جوفرا آرچر نے آخر میں 21 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، لیام لیونگ اسٹون 11 رنز بناپائے۔
بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو اور اکشر پٹیل نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ نے 12 رنز دیکر 2 وکٹیں اپنے نام کیں، اکشر پٹیل کو عمدہ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل گیانا میں کھیلے جارہے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔
کپتان روہت شرما نے 57 رنز کی اننگز کھیلی، سوریا کمار یادیو 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، ویرات کوہلی 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ہاردک پانڈیا 23 اور رویندرا جڈیجا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عادل رشید، جوفرا آرچر، سیم کرن اور ریس ٹوپلی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر روہت شرما الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
بھارت اور انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، کوشش کریں گے اچھا اسکور بنائیں۔
جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں کوشش ہوگی کہ بھارت کو کم رنز تک محدود رکھیں۔
اس سے قبل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ دوسرا سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم 29 جون کو جنوبی افریقہ سے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟