بلینڈر کو ان 5 اشیاء سے دور رکھیں
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نئی ایجادات نے کچن میں کام کرنے والی خواتین کی محنت اور مشقت کو کافی حد تک کم کردیا ہے جس میں بلینڈر کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ بلینڈر باورچی خانے کی سب سے زیادہ کارآمد چیزوں میں شمار کیا جاتا ہے اس کی مدد سے کھانوں کی […]
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نئی ایجادات نے کچن میں کام کرنے والی خواتین کی محنت اور مشقت کو کافی حد تک کم کردیا ہے جس میں بلینڈر کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
بلینڈر باورچی خانے کی سب سے زیادہ کارآمد چیزوں میں شمار کیا جاتا ہے اس کی مدد سے کھانوں کی تیاری آسان اور کم وقت میں ہو جاتی ہے۔
لیکن اگر بلینڈر کے استعمال میں کوتاہی یا بے احتیاطی کی جائے گی تو اس میں خرابی کے ساتھ خواتین کی مشکلات بڑھنے کا امکان بھی ہوجاتا ہے۔
کچھ اجزاء ایسے ہوتے ہیں جنہیں بلینڈر میں پیسنے سے اجتناب کرنا چاہیے بصورت دیگر بلینڈر کی کارکردگی خراب ہونے لگتی ہے اور اس میں موجود بلیڈ بھی خراب ہوجاتا ہے۔
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ بلینڈر میں ہر چیز کو بلینڈ کیا جاسکتا ہے تاہم ایسا نہیں ہے ہر مشین کی الگ الگ خصوصیات ہوتی ہیں اور اسے اسی کے مطابق استعمال کیا جانا ضروری ہے۔ یہاں پر ان 5غذاؤں کے بارے میں بتایا جارہا ہے جو بلینڈر کو خراب کر سکتی ہیں۔
گرم لیکویڈ یا کھانا
اکثر لوگ سوپ تیار کرتے ہیں اور اس میں موجود اجزاء کو یکجا کرنے کے لیے بلینڈ کا استعمال کرتے ہیں تاہم گرم سوپ یا اسی طرح کی کوئی بھی گرم غذا بلینڈر میں ڈالنے سے گریز کریں۔
بہت زیادہ گرم اجزاء کو بلینڈر میں ڈالنے سے اس کی مشین حدت کی وجہ سے خراب ہوسکتی ہے۔ کوشش کریں سوپ یا کسی بھی غذا کو بلینڈ کرنے کے لیے پہلے کمرے کے درجہ حرارت پر ٹھنڈا کریں پھر بلینڈر استعمال کریں۔
کافی بین
آپ تکنیکی طور پر بلینڈر کو کافی گرائنڈر کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں، لیکن یہ کوئی دانشمندانہ انتخاب نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ، کافی بین کافی سخت ہوتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ بلینڈر کے بلیڈ کی دھار کو خراب کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں کسی بھی چیز کو بہتر طریقے سے پسا نہیں جاسکےگا۔
برف
برف کا شمار بھی کافی بین کی طرح سخت چیز میں کیاجاتا ہے یہی وجہ ہے کہ برف کو بلینڈر میں نہیں ڈالنا چاہیے کیونکہ اس سے آلات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، بلیڈ کی دھار خراب ہوسکتی ہے۔ اگر کبھی برف کو اسمودی یا کسی مشروب کے ساتھ ڈالنا مقصود بھی ہوتا کوشش کریں کہ اس کے چھوٹے آئس کیوب ڈالیں تاکہ بلیڈ پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
خشک میوہ جات
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ خشک میوہ جات میں آئل ہوتا ہے جب اسے بلینڈر میں کسی چیز کے ساتھ یا ملے جلے گریوں کو بلینڈ کیا جاتا ہے تو گاڑھی چپچپی سی ایک تہہ بن جاتی ہے جس سے بلینڈر کی بلیڈ جام ہوجاتی ہے جو کہ اس مشین کی خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔
آلو
یہ بات جان کر آپ ضرور حیران ہوں گی آلو بھی بلینڈر کو خراب کرسکتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ پکے ہوئے آلو میں نشاستہ ہوتا ہے جو بلینڈر کو چپچپا بنا سکتا ہے، اس لیے کوشش کریں کہ آلو کے لیے ہمیشہ رائسر یا میشر استعمال کریں ۔ا
آپ کا ردعمل کیا ہے؟