ارشد ندیم کی شاندار فتح : ہربھجن سنگھ بھی بول پڑے
سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ جو اکثر اپنے پاکستان مخالف بیانات کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنتے رہتے ہیں، ارشد ندیم کی فتح پر بدلے ہوئے نظر آئے۔ پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ریکارڈ توڑ کامیابی نے دیگر بھارتیوں کی طرح انہیں بھی اپنا گرویدہ بنالیا، سوشل میڈیا پر جاری پیغام […]
سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ جو اکثر اپنے پاکستان مخالف بیانات کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنتے رہتے ہیں، ارشد ندیم کی فتح پر بدلے ہوئے نظر آئے۔
پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ریکارڈ توڑ کامیابی نے دیگر بھارتیوں کی طرح انہیں بھی اپنا گرویدہ بنالیا، سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے ارشد ندیم کو دل کھول کر مبارکباد دی۔
اولمپکس ایونٹ میں جیولین تھرو کے مقابلے کی بات کی جائے تو گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کے ارشد ندیم اور بھارت کے نیرج چوپڑہ کو ساتھ ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے۔
پاکستان کے ارشد ندیم کی ریکارڈ توڑ کامیابی سے پاکستان کے عوام تو خوشی سے جھوم اٹھے ہیں تو دوسری جانب بھارت سے کچھ ایسی ہی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ بھارت کے سوشل میڈیا صارفین نے ارشد کے بنائے ہوئے اولپمک ریکارڈ پر ان کے لیے تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
ان ہی بھارتیوں میں سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی شامل ہیں جو اکثر پاکستانی کرکٹرز پر تنقید یا سوشل میڈیا پر پاکستانیوں سے الجھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں لیکن ارشد ندیم کی اس کامیابی پر وہ بھی تعریف کیے بغیر رہ نہ سکے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ارشد ندیم کو پوسٹ کو کوٹ کرتے ہوئے ہربھجن نے لکھا کہ ’مبارک ہو ارشد، بہترین تصویر، اسپورٹس سب کو متحد کرتا ہے‘۔
ایکس پر ارشد ندیم کی شیئر کردہ تصویر میں وہ بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑہ کے ساتھ اپنے اپنے ملک کے جھنڈے لپیٹے سر جوڑ کھڑے نظر آئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟