گوتم گمبھیر نے سوریاکمار کو کپتان بنا کر بڑی غلطی کی!
سابق کیوی کرکٹر اسکاٹ اسٹائرس نے کہا ہے کہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے سوریا کمار کو کپتان بنا کر بڑی غلطی کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر اسکاٹ اسٹائرس سمجھتے ہیں کہ گمبھیر نے قدرتی کپتان کو منتخب نہیں کیا، سوریا ہندوستانی ٹیم کے لیے صرف ایک مختصر مدت کا آپشن […]
سابق کیوی کرکٹر اسکاٹ اسٹائرس نے کہا ہے کہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے سوریا کمار کو کپتان بنا کر بڑی غلطی کی ہے۔
نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر اسکاٹ اسٹائرس سمجھتے ہیں کہ گمبھیر نے قدرتی کپتان کو منتخب نہیں کیا، سوریا ہندوستانی ٹیم کے لیے صرف ایک مختصر مدت کا آپشن ہیں، اسٹائرس نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ سوریاکمار مختصر مدت کے لیے قائد بنے ہیں۔
اسکاٹ اسٹائرس نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ گمبھیر کو جو کھلاڑی دستیاب ہیں ان میں کوئی قدرتی کپتان بھی موجود ہے، گمبھیر نے تھوڑا وقت لیا ہے کہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ اگلا طویل مدتی کپتان کون ہوگا۔
اسٹائرس نے کہا کہ میرے خیال میں شبمن گل جیسا کوئی شخص بھارت کے لیے 10 سال تک خدمات انجام دے سکتا ہے لیکن وہ ابھی بالکل تیار نہیں ہے، اس لیے کسی زیادہ تجربہ رکھنے والے کو کپتان بنانا ایک بہتر فیصلہ تھا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی سلیکٹرز نے شبمن گل کو وائٹ بال کرکٹ میں نائب کپتان کا عہدہ دے دیا ہے تاکہ وہ مستقبل میں کپتانی کے مواقع کے لیے تیار ہوسکیں۔
خیال رہے کہ سوریا کمار یادیو ہاردک پانڈیا کی جگہ بھارت کے نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان بن چکے ہیں، تاہم کرکٹر کو کپتان بننے کے فوری بعد انھیں یقین نہیں آرہا کہ قیادت کے لیے چنے جاچکے ہیں۔
روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی جگہ کپتانی کے لیے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا مضبوط امیدوار تھے اور کئی ذرائع انھیں بھارتی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کی خبریں دے رہے تھے، کچھ خبروں کے مطابق شبمن گل بھی اس دوڑ میں شامل تھے، تاہم ٹی ٹوئنٹی کپتان کا قرعہ فال سوریا کمار کے نام نکلا۔
سوریا کمار یادیو نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بننے کے بعد اپنی پوسٹ میں لوگوں کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی بے یقینی کا بھی اظہار کیا تھا۔
انسٹاگرام پوسٹ میں سوریا کمار کا کہنا تھا کہ ’محبت، حمایت اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کے لیے آپ سب کا بہت بہت شکریہ، گزشتہ چند ہفتے ایک خواب سے کم نہیں تھے اور میں واقعی شکر گزار ہوں۔‘
خیال رہے کہ سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے بھارت نے سوریا کمار کو کپتان مقرر کیا تھا، ان کی قیادت میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کی ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟