کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، فالو آن ہونے کے بعد پاکستان کا شاندار کم بیک
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف فالو آن ہونے کے بعد پاکستان نے شاندار کم بیک کیا ہے۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 213 رنز بنا لیے ہیں اور اسے جنوبی افریقا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 208 رنز درکار ہیں۔ […]
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف فالو آن ہونے کے بعد پاکستان نے شاندار کم بیک کیا ہے۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 213 رنز بنا لیے ہیں اور اسے جنوبی افریقا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 208 رنز درکار ہیں۔
دوسری اننگز میں پاکستان بلے باز ڈٹ گئے اور جم کر حریف بالرز کا مقابلہ کیا۔ کپتان شان مسعود اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 205 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔
تجربہ کار بابراعظم 81 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ شان مسعود نے سنچری اسکور کی۔ وہ 102 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ خرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم فالو آن کا شکار ہو گئی۔ جنوبی افریقا کی پہلی اننگز کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم صرف 194 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ میزبان ٹیم نے فالو آن ہونے پر پاکستان کو بیٹنگ دی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اٹھاون رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے ان کے سوا کوئی بیٹر خاطرخواہ مزاحمت نہ کر سکا۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، رائن ریکلٹن نے ریکارڈ 259 رنز کی اننگز کھیلی، ٹیمبا باووما نے 106 او رکائل ویرینا نے 100 رنز بنائے۔
مارکو ینسن 62 اور کیشو مہاراج 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مارکرم 17، ربادا 6، ویان ملڈر اور بیڈنگھم 5، 5 رنز بناسکے، ٹرسٹن اسٹبس اور کوینا ماپھاکا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین، تین کھلاڑی آؤٹ کیے، خرم شہزاد اور میر حمزہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، میزبان ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟