ناتجربہ کاری امریکی ٹیم کے آڑے آگئی، جنوبی افریقہ نے پہلا سپرایٹ مقابلہ جیت لیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپرایٹ مرحلے کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد امریکا کو 18 رنز سے ہرا دیا۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں جنوبی افریقہ نے امریکہ کو ہرا کر مسلسل پانچواں میچ جیت لیا، 195 رنز کے جواب میں امریکا کی ٹیم 176 رنزبنا […]
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپرایٹ مرحلے کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد امریکا کو 18 رنز سے ہرا دیا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں جنوبی افریقہ نے امریکہ کو ہرا کر مسلسل پانچواں میچ جیت لیا، 195 رنز کے جواب میں امریکا کی ٹیم 176 رنزبنا سکی اور اسے 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آخری دو اوورز میں امریکا کو جیت کے لیے 28 رنز درکار تھے مگر ٹیم اپنی ناتجربہ کاری کی بنا پر صرف 10 رنز ہی بنا سکی۔
امریکا کے اوپننگ بیٹر اینڈریس گاوس نے 80 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، آخر میں ہرمیت سنگھ نے بھی 38 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا مگر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے۔
جنوبی افریقہ کے اوپنر کونٹین ڈی کاک جنھوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
میگا ایونٹ میں اگلا میچ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ہوگ، بعد ازاں بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے سپرایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں ڈی کاک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت امریکا کو جیت کے لیے 195 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
جنوبی افریقی بیٹرز نے پاکستان اور بھارت کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے امریکن بولرز کی ٹھیک ٹھاک دھلائی کی۔ پروٹیز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 194 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا۔
وکٹ کیپر بیٹر کونٹین ڈی کاک نے 40 بالز پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ایڈن مارکرم نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 بالز پر 46 رنز اسکور کیے۔
ہینرک کلاسن 36 اور ٹریسٹان اسٹوبز 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے دونوں کے درمیان آخری وکٹ پر 53 رنز کی شراکت قائم ہوئی.
امریکا کی جانب سے سوربھ نیتراولکر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، ہرمیت سنگھ نے بھی 24 رنز کے عوض 2 بیٹرز کو چلتا کیا۔
اس سے قبل امریکا نے حریف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ٹاس جیت کر میدان سنبھالنے کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی.
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کا آغاز آج سے ہوا ہے، سپر 8 مرحلے کے میچز، سیمی فائنلز اور فائنل ویسٹ انڈیز میں کھیلے جائیں گے۔
سابق عالمی چیمپئن پاکستان، سری لنکا سمیت نیوزی لینڈ جیسی ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی نہ کر سکیں اور پہلے مرحلے میں ہی ان کا ورلڈ کپ ختم ہو گیا.
حیران کن طور پر پہلا میگا ایونٹ کھیلنے والی شریک میزبان ٹیم امریکا نے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ نچلے نمبروں کی ٹیموں افغانستان اور بنگلہ دیش بھی سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئیں۔
رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک 20 ٹیموں کو پانچ پانچ ٹیموں پر مشتمل چار گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں سے ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیموں نے سپر ایٹ میں جگہ بنائی ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟