سیف علی خان پر حملہ کرنے والا ملزم 70 گھنٹے بعد گرفتار
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر مبینہ طور پر حملہ کرنے والے ملزم کو پولیس نے 70 گھنٹے بعد گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کے ممبئی کی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں آج صبح مہاراشٹر کے تھانے […]
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر مبینہ طور پر حملہ کرنے والے ملزم کو پولیس نے 70 گھنٹے بعد گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کے ممبئی کی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں آج صبح مہاراشٹر کے تھانے سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزم کو سیف علی خان کی رہائش گاہ سے تقریباً 35 کلومیٹر دور کاسرواداولی میں ہیرانندانی اسٹیٹ کے قریب سے پکڑا گیا ہے۔
ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے شناخت چھپانے کی کوشش کی ہے، ملزم غیر ملکی ہے جس کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے، زیرِ حراست شخص کا نام شریف الاسلام شہزاد بتایا جارہا ہے جو بھارت میں غیر قانونی طور پر داخل ہوا تھا۔
ممبئی کے سینئر پولیس اہلکار ڈکشٹ گیڈم نے گرفتاری کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ وہ چوری کے ارادے سے سیف کے گھر میں داخل ہوا تھا، ایسا لگتا ہے کہ ملزم بنگلہ دیشی ہے‘۔
پولیس اہلکار ڈکشٹ گیڈم نے مزید کہا کہ ملزم کے پاس کوئی بھارتی دستاویزات نہیں ہیں، ملزم کے پاس سے کچھ چیزیں برآمد ہوئی ہیں جن سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بنگلہ دیشی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چاقو حملے کے بعد سیف علی خان نے پہلا بیان جاری کر دیا
چاقو حملے کے بعد سیف علی خان نے پہلا بیان جاری کر دیا
پولیس اہلکار گیڈم نے کہا کہ ملزم گزشتہ چار ماہ سے ممبئی میں رہ رہا تھا اور اس نے اپنا نام بدل کر بیجوئے داس رکھ لیا ہے، پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ ایک ہاؤس کیپنگ کمپنی میں کام کررہا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ روز ممبئی پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو ٹریس کرکے چلتی ٹرین سے حراست میں لیا تھا، ملزم کی شناخت 31 سالہ آکاش کنوجیا کے نام سے ہوئی تھی اور اسے چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کے دوران پکڑا تھا۔
بھارتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ حراست میں لیا گیا مسافر اداکار کو چھرا گھونپنے کے معاملے میں مشتبہ لگتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب ممبئی شہر میں سیف علی خان کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟