’جیل میں رہ لوں گا، مگر بیوی کے ساتھ نہیں!‘ شوہر اپنے ہی گھر سے بھاگ گیا
میاں بیوی میں جھگڑے عام ہیں لیکن ایک شوہر تو اپنی جیون ساتھی سے اس قدر نالاں ہے کہ وہ اپنے ہی گھر سے بھاگ کھڑا ہوا۔ یہ عجیب وغریب واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک میں پیش آیا ہے جہاں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے شخص کی بیوی نے اپنے شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج […]
میاں بیوی میں جھگڑے عام ہیں لیکن ایک شوہر تو اپنی جیون ساتھی سے اس قدر نالاں ہے کہ وہ اپنے ہی گھر سے بھاگ کھڑا ہوا۔
یہ عجیب وغریب واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک میں پیش آیا ہے جہاں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے شخص کی بیوی نے اپنے شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی اور اغوا کا شبہ ظاہر کیا، لیکن جب پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچی تو پتہ چلا کہ شوہر کو کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ وہ اپنی بیوی سے اس قدر نالاں ہے کہ خود ہی اپنا گھر چھوڑ کر بھاگ گیا۔
بھارتی میڈیا میں رپورٹ اس واقعے میں جوڑے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی لیکن مذکورہ شخص آئی ٹی ماہر بتایا گیا ہے، جس کی بیوی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ اس کا شوہر کئی روز سے لاپتہ ہے جو رقم لے کر گھر سے نکلا تھا اور اسے شک ہے کہ اس کے شوہر کو کسی نے اغوا کر لیا ہے لیکن پولیس اس کا سراغ لگانے اور بازیابی کے لیے کوئی کوشش نہیں کر رہی۔
دوسری جانب اس خبر کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ خاتون کی رپورٹ کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کو بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں حتیٰ کہ ایئرپورٹ پر بھی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن ناکامی ہوئی جب کہ اس کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا تھا۔
بعد ازاں جب کچھ دن بعد مذکورہ شخص نے اپنے موبائل فون میں نئی سم خرید کر ڈالی تو پولیس نے ٹریکنگ کی مدد سے اسے نوئیڈا میں ایک سینما گھر کے باہر اس وقت دھر لیا جب وہ فلم دیکھ کر وہاں سے باہر نکل رہا تھا۔ اس نے شناخت سے بچنے کے لیے اپنے سر کے بال منڈوا لیے تھے کیونکہ بیوی نے سوشل میڈیا پر اس کی تصویر بھی پوسٹ کر دی تھی۔
اس موقع پر جب پولیس نے اسے گھر واپس چلنے کی کہا تو بیوی کے ستائے آئی ٹی ماہر نے وہاں جانے سے صاف انکار کر دیا اور کہا کہ بھلے مجھے جیل میں ڈال دو، میں وہاں رہ لوں گا لیکن گھر نہیں جاؤں گا۔ اس کے بعد اس نے گھر نہ جانے کی جو وجہ بتائی اس کو سن کر پولیس بھی حیران وپریشان ہوگئی۔
مذکورہ شخص نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیوی اس پر صرف اپنی مرضی چلاتی، بات منوانے کے لیے اسے ہراساں کرتی، تشدد کا نشانہ بناتی ہے اور حالت یہ ہے کہ وہ اسے اپنی پسند کے مطابق کپڑے پہناتی ہے، حتیٰ کہ کھانا گرنے جیسی معمولی بات پر ڈانٹ ڈپٹ کرتی ہے۔
پولیس کو اپنے سفر کی تفصیلات بتاتے ہوئے آئی ٹی ماہر نے کہا کہ وہ بس کے ذریعے پہلے تیرو پاٹی پہنچا، پھر ریل گاڑی سے بھونیشور اور آخر میں دہلی اور نوئیڈا پہنچ گیا۔
اس کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی پہلے سے طلاق شدہ ہے اور مجھے سے اس کی دوسری شادی ہے۔ وہ پہلے شوہر سے ایک 12 سالہ بیٹی کی ماں ہے جب کہ ان کی بھی 8 ماہ کی بیٹی ہے۔
پولیس نے آئی ٹی ماہر کی تمام روداد سننے کے بعد اس کو واپس اس کے گھر بھیج دیا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟