آلو بخارا : ہڈیوں کو مضبوط کرنے والا جادوئی پھل
آلو بخارا طبی اہمیت کا حامل خوش ذائقہ پھل ہے اور اس کے انگنت طبی فوائد بھی ہیں، یہ حیاتین (وٹامن) کا خزانہ ہے اور ان دنوں یہ پھل بازار میں عام دستیاب ہے۔ اس پھل کی ایک بڑی خوبی اس کا قبض کشا اور زود ہضم ہونا ہے اور حکیم اسے عمدہ غذا اور […]
آلو بخارا طبی اہمیت کا حامل خوش ذائقہ پھل ہے اور اس کے انگنت طبی فوائد بھی ہیں، یہ حیاتین (وٹامن) کا خزانہ ہے اور ان دنوں یہ پھل بازار میں عام دستیاب ہے۔
اس پھل کی ایک بڑی خوبی اس کا قبض کشا اور زود ہضم ہونا ہے اور حکیم اسے عمدہ غذا اور بہترین دوا بتاتے ہیں۔
آلو بخارا قدرت کے ان عطیات میں سے ہے جن میں غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ آلو بخارے میں چونا فاسفورس اور فولاد کی تو وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔
جو حضرات کمزور ہوں یا خون کی کمی کا شکار ہوں اور وہ فولاد کا کوئی مرکب استعمال کرنے کے خواہش مند ہوں تو وہ شربت فولاد یا کشتہ فولاد کی بجائے آلو بخارا کھائیں۔
قدرت نے اس قرمزی رنگت والے پھل کو خوب نما بنایا ہے، یہ دیکھنے میں اکثر آتشیں سرخ بھی نظر آتا ہے، اس کا چھلکا نرم اور اندر گودا ہوتا ہے۔
یہ پھل نشاستہ دار اجزا کے علاوہ کیلشیم، پوٹاشیم، فلورین، فاسفورس، امینو ایسڈ، گلوکوز کی وجہ سے ہڈیوں اور جسم کے لیے مفید ہے۔
آلو بخارے میں وٹامن اے، بی بھی پائے جاتے ہیں، لیکن یہ پھل وٹامن سی کا خزانہ ہے جو ہمیں کئی طبی مسائل اور پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
یہ کولیسٹرول کی شرح کو کم کرتا ہے اور جگر کی صحت کیلئے اکسیر مانا جاتا ہے۔ اس میں پوٹاشیم کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے۔ اس لئے بی پی کو کنٹرول بھی کرتا ہے۔
پھلوں کی تاثیر اور افادیت سے متعلق کتب میں لکھا ہے کہ آلو بخارے کا مزاج سرد تر ہوتا ہے اور یہ معدہ کی تیزابیت دُور کرنے کے لیے انتہائی مفید پھل ہے۔ یہ پھل دو سے تین گھنٹوں میں ہضم ہوکر جزوِ بدن بن جاتا ہے۔
گرم مزاج، جن لوگوں کے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ انہیں زیادہ سوچنا اور غور کرنا پڑتا ہے، ان کے لیے یہ پھل نہایت مفید ہے جب کہ بیماری کے بعد اور حاملہ خواتین کے لیے بہترین غذا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟