ٹی 20 ورلڈ کپ کی 17 سالہ روایت برقرار
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 2007 میں ہوا اور اب نواں ایڈیشن جاری ہے تاہم میگا ایونٹ کی 17 سالہ روایت تاحال برقرار رہے۔ ٹی 20 کرکٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس فارمیٹ میں عالمی کپ منعقد کرانے کا آغاز 2007 سے کیا اور 2024 میں […]
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 2007 میں ہوا اور اب نواں ایڈیشن جاری ہے تاہم میگا ایونٹ کی 17 سالہ روایت تاحال برقرار رہے۔
ٹی 20 کرکٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس فارمیٹ میں عالمی کپ منعقد کرانے کا آغاز 2007 سے کیا اور 2024 میں اس کا نواں ایڈیشن جاری ہے تاہم 17 سالہ تاریخ میں آج تک کوئی بھی میزبان ملک اپنی سر زمین پر ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل نہ کر سکا ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 2007 میں جنوبی افریقہ سے ہوا تاہم پروٹیز فائنل میں بھی نہ پہنچ سکے۔ میگا ایونٹ کا فائنل روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا جو بھارت نے 4 رنز سے جیت کر اولین ٹرافی اپنے نام کی۔
دو سال بعد دوسرا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ کی جائے پیدائش کہلائے جانے والے ملک انگلینڈ میں ہوا تاہم میزبان ملک فائنل مقابلہ کھیلنے کا اہل نہ ہوا۔ فائنل میچ ایک بار پھر ایشیا کی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تاہم پاکستان کے مدمقابل اس بار بھارت کی جگہ سری لنکا تھی جس کو روند کر پاکستان نے یونس خان کی قیادت میں فتح حاصل کی اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی۔
آئی سی سی نے ورلڈ کپ کا اگلا (تیسرا) ایڈیشن صرف 9 ماہ بعد 2010 میں منعقد کرایا جو ویسٹ انڈیزکی سر زمین پر ہوا لیکن فائنل میچ روایتی ایشز حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوا اور یہ مقابلہ انگلش ٹیم نے جیت کر پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر سکا۔
سال 2012 میں سری لنکا کی میزبانی میں میگا ایونٹ کھیلا گیا اور پہلی بار کسی میزبان ملک نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تاہم ورلڈ کپ نہ جیتنے کی روایت نہ ٹوٹ سکی۔ فائنل میں ویسٹ انڈیز نے ڈیرن سمی کی قیادت میں آئی لینڈرز کو ان کے گھر میں مات دی۔
پانچواں ٹی 20 ورلڈ کپ 2014 میں بنگلہ دیش کی سر زمین پر کھیلا گیا جس میں فائنل میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا لیکن انڈیز دوسری بار ٹرافی اٹھانے کے خواب کو تعبیر نہ دے سکا اور دنیا کا سری لنکا کی صورت ٹی ٹوئنٹی کا نیا عالمی چیمپئن ملا۔
مختصر فارمیٹ کا چھٹا عالمی کپ 2016 میں بھارت کی میزبانی میں کھیلا گیا۔ فائنل میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں اور کالی آندھی نے گوری ٹیم کو شکست دے کر دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
سال 2016 کے ایڈیشن کے بعد آئی سی سی نے اگلا ایونٹ چار سال بعد کرانے کا اعلان کیا اور 2020 کی میزبانی بھارت کو دی گئی تاہم 2019 میں عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کے باعث جہاں دنیا کا دیگر کاروبار منجمد ہوا وہیں کھیل کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں اور یوں یہ ایونٹ 2021 میں کھیلا گیا، تاہم 2021 میں بھی بھارت میں کووڈ کے خطرناک پھیلاؤ کے باعث میزبانی کے حقوق انڈیا کے پاس رہے لیکن ایونٹ یو اے ای اور عمان میں کھیلا گیا۔ اس کا فائنل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا اور کینگروز پہلی بار مختصر فارمیٹ کے عالمی چیمپئن بنے۔
سال 2022 میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کی لیکن اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکا اور میلبرن کے تاریخ کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر دوسری بار عالمی کپ کی ٹرافی اٹھائی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن جاری ہے اور پہلی بار دو ممالک ویسٹ انڈیز اور امریکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جا رہا ہے۔ سپر ایٹ میں دونوں ٹیموں نے کوالیفائی کیا تاہم میزبان ٹیمیں اس مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکیں یوں ایک بار پھر میزبان ملک کے ٹرافی اٹھانے کا خواب ادھورا رہ گیا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟