ملتان ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان کی پہلی اننگ جاری، 6 وکٹوں پر 397 رنز
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگ جاری ہے میزبان ٹیم نے کھانے کے وقفے تک 6 وکٹوں پر 397 رنز بنا لیے ہیں۔ آج صبح پاکستان نے پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز 4 وکٹوں پر 328 رنز سے کیا۔ نائب کپتان سعود شکیل کے ساتھ مل کر نائٹ […]
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگ جاری ہے میزبان ٹیم نے کھانے کے وقفے تک 6 وکٹوں پر 397 رنز بنا لیے ہیں۔
آج صبح پاکستان نے پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز 4 وکٹوں پر 328 رنز سے کیا۔ نائب کپتان سعود شکیل کے ساتھ مل کر نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے اسکور کو 388 تک پہنچایا۔ اس موقع پر نسیم شاہ 33 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگ میں تین چھکے مارے۔
نسیم شاہ کی وکٹ برینڈن کرس کے حصے میں آئی۔ دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس دوران سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کی۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ محمد رضوان کی گری۔ انہیں رنز کا کھاتہ کھولے بغیر لیچ نے ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
کھانے کے وقفے پر میزبان ٹیم نے 6 وکٹیں کھو کر 397 رنز بنا لیے تھے۔ سعود شکیل 67 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جب کہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے ابھی کھاتہ نہیں کھولا ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے گس آکٹنسن اور جیک لیچ نے دو، دو جب کہ برینڈن کرس اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کر رکھی ہے۔
اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلا روز پاکستانی بیٹرز کے نام رہا تھا۔ قومی ٹیم نے کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق کی سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں پر 328 رنز جوڑے تھے۔
پہلے روز شان مسعود (151)، عبداللہ شفیق (102)، بابر اعظم (33) اور صائم ایوب (4) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ ٹیم کو اپنے ریگولر کپتان اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی خدمات حاصل نہیں۔ وہ انجری کے باعث پہلا میچ نہیں کھیل رہے۔ ان کی جگہ نوجوان بلے باز اولی پوپ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
ٹیم پاکستان:
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد
ٹیم انگلینڈ:
اولی پوپ (کپتان)، زک کرولی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جمی اسمتھ، کرس ووکس، بریڈن کرس، گس آٹکنسن، جیک لیچ، شعیب بشیر۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔
اس سیریز سے قبل پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انگلینڈ کی ٹیم نے گزشتہ سیریز میں اپنی سر زمین پر پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔
پاکستان نے اپنی سر زمین پر گزشتہ ساڑھے تین سال میں 11 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں لیکن ایک میچ بھی نہیں جیت سکی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر اور دوسرا 15 اکتوبر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 26 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
سیریز کے تینوں میچ اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔
شان مسعود کی ٹیسٹ میچ میں 4 سال بعد سنچری، اہم سنگ میل بھی عبور کر لیا
آپ کا ردعمل کیا ہے؟