یہ خود کشی نہیں قتل ہے: سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس کے ملزم انوج کے اہل خانہ کا الزام
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ انوج نے خودکشی نہیں کی اسے قتل کیا گیا ہے۔ بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں پولیس نے انوج تھاپن […]
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ انوج نے خودکشی نہیں کی اسے قتل کیا گیا ہے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں پولیس نے انوج تھاپن کو گرفتار کیا تھا، ملزم کی پولیس حراست میں موت واقع ہوگئی تھی، پولیس حکام نے موت کی وجہ خودکشی بتائی تھی۔
تاہم اب پنجاب سے گرفتار انوج تھاپن کے گھروالوں نے ممبئی پولیس پر الزام لگایا ہے کہ پولیس کی تشدد کی وجہ سے انوج تھاپن کی موت ہوئی ہے۔
گاؤں کے سرپنچ منوج کمار گودارا کا کہنا ہے کہ انوج نے خودکشی نہیں کی ہے بلکہ پولیس حراست میں تشدد کے باعث اس کی موت ہوئی ہے، یہ خودکشی نہیں قتل ہے، اس لیے اس کیس کی تحقیقات مہاراشٹر سے باہر کی کسی ایجنسی کے ذریعے ہونی چاہئے۔
انوج تھاپن کے بھائی ابھیشیک تھاپن کا کہنا ہے کہ ہمارا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے، میرا بھائی انوج ٹرک کنڈکٹر تھا، اس نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کا قتل کر دیا گیا ہے، میں اس کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتا ہوں۔
انوج تھاپن کے ماموں رجنیش کا کہنا ہے کہ ہائی سیکیورٹی جیل میں انوج کی موت ممبئی پولیس کے کام پر سوالیہ نشان ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے کیوں کہ میرے بھتیجے نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے پولیس حراست میں قتل کیا گیا ہے۔
انوج تھاپن پر ممبئی میں سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ میں استعمال ہونے والے اسلحے کا انتظام کرنے کا الزام تھا، انوج تھاپن نے ملزم وکی گپتا اور ساگر کو اسلحہ فراہم کیا تھا اور پھر ان دونوں نے 14 اپریل کی صبح سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی۔
ممبئی پولیس نے اس کیس کی تفتیش کرتے ہوئے پہلے ملزم وکی گپتا اور ساگر کو بھارتی ریاست گجرات کے علاقے بھوج سے گرفتار کیا تھا اور اس کے بعد انوج تھاپن کو ایک اور ملزم سونو سبھاش چندر کے ساتھ 25 اپریل کو بھارتی ریاستِ پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔
2 مئی کو ممبئی پولیس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ مبینہ ملزم انوج تھاپن نے بدھ کو جیل میں خودکشی کی ہے، ممبئی پولیس نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انوج تھاپن نے لاک اپ میں پھندا لگا کر خودکشی کی، ملزم کو جب قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کی۔
14 اپریل کو سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر دو ملزمان وکی گپتا اور ساگر پال نے فائرنگ کی تھی اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
ملزمان نے گلیکسی اپارٹمنٹ پر پانچ راؤنڈز فائر کیے تھے اور اسلحہ تاپی ندی میں پھینک دیا گیا تھا تاکہ وہ بچ نکلیں، لیکن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کیا۔
دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر آئے تھے۔ ساگر پال نے گولیاں چلائی تھیں جبکہ وکی گپتا بائیک چلا رہا تھا۔ ملزمان لارنس گینگ سے رابطے میں تھے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟