ٹی 20 ورلڈ کپ، اب تک کن کن کپتانوں نے ٹرافی اٹھائی؟
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن کل سے امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے 8 ایڈیشنز میں 7 کپتان چیمپئن ٹرافی اٹھا چکے ہیں۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 8 ایڈیشنز میں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سمی واحد کپتان ہیں جو دو […]
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن کل سے امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے 8 ایڈیشنز میں 7 کپتان چیمپئن ٹرافی اٹھا چکے ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 8 ایڈیشنز میں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سمی واحد کپتان ہیں جو دو بار ٹرافی اٹھا چکے ہیں۔ اس طرح وہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں دو بار ٹرافی اٹھانے والے اپنے ہم وطن کپتان کلائیو لائیڈ کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔ تاہم اب انگلینڈ جو دفاعی چیمپئن ہے اس کے کپتان جوس بٹلر بھی چیمپئن ٹرافی اٹھا کر اس ریکارڈ کی برابری کر سکتے ہیں۔
ٹی 20 کرکٹ کا انٹرنیشنل سطح پر آغاز 21 ویں صدی کے آغاز میں ہوا تاہم صرف دو سال بعد ہی اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2007 میں اس کا عالمی کپ منعقد کرایا۔
پہلا عالمی کپ 2007 میں ہوا جس کا چیمپئن بھارت رہا۔ میگا ایونٹ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا اور مصباح الحق کے آخری لمحات میں غلط شاٹ کی وجہ سے پاکستانی جیتی ہوئی بازی ہار گیا جس کی وجہ سے کپتان شعیب ملک کی اولین ٹرافی اٹھانے کی خواہش حسرت بن گئی جب کہ پہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کا اعزاز بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کو حاصل ہوا۔
پاکستان کو ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور 2009 میں یونس خان کی قیادت میں گرین شرٹس نے سری لنکا کو فائنل میں چاروں شانے چت کر کے یہ ٹائٹل جیتا اور ٹرافی اپنے نام کی۔
تاہم بدقسمتی کہ پاکستان کے پاس یہ ٹرافی صرف 9 ماہ ہی رہ سکی کیونکہ آئی سی سی نے تیسرا ورلڈ کپ 2010 میں شیڈول کر رکھا تھا جس میں انگلینڈ پہلی بار کوئی آئی سی سی ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوا۔ انگلینڈ کے کپتان پال کولنگ ووڈ نے ٹرافی اٹھا کر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔
سال 2012 میں مختلف مسائل کی وجہ سے تنزلی کا شکار ویسٹ انڈیز نے کپتان ڈیرن سمی کی قیادت میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی چیمپئن بنی۔ ڈیرن سمی نے ہزاروں شائقین کے سامنے چمچاتی ٹرافی اٹھائی۔
دو سال بعد 2014 کا ٹی 20 ورلڈ کپ انتہائی دلچسپ رہا۔ اس ایڈیشن کا چیمپئن سری لنکا رہا تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ سری لنکا کی قیادت میگا ایونٹ کے درمیان میں اپنی یارکرز سے مشہور فاسٹ بولر لیستھ مالنگا نے سنبھالی اور ٹیم کو چیمپئن بنوایا۔
2016 میں تاریخ پھر دہرائی گئی اور ویسٹ انڈیز دوسری بار عالمی چیمپئن بنا۔ اس بار بھی ڈیرن سیمی کی ولولہ انگیز قیادت میں کیریبئن ٹیم نے یہ کارنامہ انجام دیا اور یوں سیمی ٹی 20 ورلڈ کپ کی دو ٹرافیاں اٹھانے والے پہلے کپتان بن گئے۔
اگلا ورلڈ کپ 5 سال کے وقفے کے بعد 2021 میں ہوا اور ایرون فنچ کی جارحانہ کپتانی نے پہلی بار آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپئن بنایا۔
ورلڈ کپ کی دو سالہ سائیکل کو پورا کرنے کے لیے آئی سی سی کا آٹھواں ایڈیشن ایک سال بعد 2022 میں ہوا جس میں فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان کا مقابلہ ہوا، بازی انگلش ٹیم نے ماری اور جوس بٹلر نے ٹرافی اٹھائی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ مشن: انگلینڈ سے شکست کا داغ لے کر قومی ٹیم آج امریکا روانہ ہوگی
آپ کا ردعمل کیا ہے؟