متحد ہو کر کھیلنا اور آخری بال تک لڑنا، چیئرمین پی سی بی کا قومی ٹیم کو پیغام
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا سے ملاقات کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے دوسرے گروپ کے آسٹریلیا روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے وائٹ […]
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا سے ملاقات کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے دوسرے گروپ کے آسٹریلیا روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا سے ملاقات کی اور ٹیم کے دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وائٹ بال ٹیم کی قیادت ایک اعزاز ہے اور قوم کو آپ کی قیادت میں ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ امید ہے آپ کی قیادت میں ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ متحد ہو کر کھیلنا اور آخری بال تک لڑنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی با صلاحیت اور پروفیشنلز ہیں۔ ٹیم اگر ٹیم بن کر پُرفارم کرے گی، تو کوئی بھی آپ کو ہرا نہیں سکتا۔
اس موقع پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے بھرپور اعتماد کرنے پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کیلیے پُر عزم ہیں۔ قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلنے کے لیے کینگروز کے دیس جا رہی ہے۔ قومی ٹیم کا پہلا گروپ جن میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، فیصل اکرم اور محمد عرفان جونیئر شامل ہیں، میلبرن آسٹریلیا پہنچ چکے ہیں۔
کراچی سے دوسرا گروپ آج کپتان محمد رضوان کی قیادت میں روانہ ہوگا۔
تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 4 نومبر سے میلبرن میں ہوگا جب کہ ٹی 20 سیریز 14 نومبر سے شروع ہو گی۔
پاکستانی ٹیم سات سال بعد آسٹریلوی سر زمین پر ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ آخری بار 2017 میں سیریز ہوئی تھی۔
گرین شرٹس آسٹریلیا سے سیریز مکمل کرنے کے بعد وہیں سے دورہ زمبابوے کے لیے روانہ ہو جائے گی جہاں اتنے ہی ون ڈے اور ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ تاہم بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ آسٹریلیا سے وطن واپس آئیں گے کیونکہ پی سی بی نے انہیں دورہ زمبابوے کے لیے آرام دیا ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟