عاقب جاوید کو بڑا عہدہ دیے جانے امکان
سابق قومی فاسٹ بولر اور موجودہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ عاقب جاوید کو پی سی بی میں بڑا عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سابق قومی فاسٹ بولر اور موجودہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ عاقب جاوید کو نئی ذمے داریاں دینے جا رہا ہے اور انہیں […]
سابق قومی فاسٹ بولر اور موجودہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ عاقب جاوید کو پی سی بی میں بڑا عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سابق قومی فاسٹ بولر اور موجودہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ عاقب جاوید کو نئی ذمے داریاں دینے جا رہا ہے اور انہیں وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گیری کرسٹن کے دورہ آسٹریلیا سے قبل اچانک ہیڈ کوچ کے عہدے سے قبل از مدت مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی اب ملکی کوچ پر انحصار کرنا چاہتا ہے اور اسی لیے قرعہ فال عاقب جاوید کے نام نکلا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید آئندہ ہفتے شروع ہونے والے دورہ زمبابوے سے اپنی نئی ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔
عاقب جاوید جو سینئر اور جونیئر سطح پر کوچنگ سمیت پی سی ایل میں کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں پی سی بی نے گزشتہ ماہ انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میچ میں شرمناک اننگ شکست کے بعد سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا تھا۔
عاقب جاوید کی نگرانی میں سلیکشن کمیٹی نے آتے ہی بولڈ فیصلے کرتے ہوئے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ کو آرام دیا اور نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جس کا نتیجہ شکستوں کے بھنور میں پھنسی پاکستانی ٹیم کے سیریز جیتنے کی صورت میں ملا۔
زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچز اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 24 نومبر سے شروع ہو گی۔ قومی ٹیم اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہے اور کل وہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل کر وہیں سے زمبابوے روانہ ہو جائے گی۔
سلیکشن کمیٹی نے دورہ زمبابوے میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا ہے، اس لیے وہ آسٹریلیا کا دورہ ختم ہونے کے بعد وطن واپس آ جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے محمد رضوان کی قیادت میں آسٹریلیا کو 22 سال بعد اسی کی سر زمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دی تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز نہ جیت سکی۔
آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے اور آخری میچ کل ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس کو وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کے لیے کل کا میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟