ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کا سالوں بعد بریک اپ ہوگیا: بھارتی میڈیا
بالی ووڈ اداکار ارجن کپور اور اداکارہ ملائکہ اروڑا نے مبینہ طور پر 7 سال سے زائد عرصے تک ریلیشن میں رہنے کے بعد اب علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ و رقاصہ ملائکہ اروڑا اور اداکار ارجن کپور کی ایک سال سے زیرِ گردش علیحدگی کی خبریں […]
بالی ووڈ اداکار ارجن کپور اور اداکارہ ملائکہ اروڑا نے مبینہ طور پر 7 سال سے زائد عرصے تک ریلیشن میں رہنے کے بعد اب علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ و رقاصہ ملائکہ اروڑا اور اداکار ارجن کپور کی ایک سال سے زیرِ گردش علیحدگی کی خبریں بالآخر سچ ثابت ہوگئیں، دونوں کے قریبی لوگوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد ذرائع نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا نے ایک دوسرے کی عزت اور باہمی رضامندی کے ساتھ راہیں جدا کرنے کا فیصلہ لے لیا ہے۔
پنک ویلا کے ذرائع کے مطابق ان کے رشتے کی مدت پوری ہوچکی ہے اور وہ اس معاملے کو مہذب انداز میں ڈیل کریں گے، علیحدگی کے بعد بھی دونوں کے دلوں میں ایک دوسرے کا خاص مقام رہے گا۔
پنک ویلا کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کے درمیان بہت گہرا تعلق تھا اور دونوں راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں، دونوں نے ہی اس معاملے میں خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کسی بھی شخص کو ان کے ذاتی معاملے پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ذرائع نے بھارتی میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ ’ راہیں جدا کرنے کاہرگز مقصد یہ نہیں کہ ان کے درمیان کوئی لڑائی جھگڑا ہوا ہے، وہ تاحال ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کی ہمت بنے رہیں گے‘۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کی میڈیا چینلز اور مداحوں سے درخواست ہے کہ وہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں اور انہیں ان جذباتی لمحات پُرسکون انداز میں گزارنے دیں۔
ملائکہ اروڑا نے 1998 میں اداکار ارباز خان سے شادی کی تھی جن سے انکا ایک بیٹا ارہان خان ہے، بعد ازاں سال 2017 میں دونوں نے طلاق لے لی تھی اور اس کے بعد سے ملائکہ اور ارجن کپور کے افیئر کے قصے عام ہوگئے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟