بھارتی شیر بھیگی بلی بن گئے، کیویز کے ہاتھوں اپنی سر زمین پر وائٹ واش
نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلی بار اسی کی سر زمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ بھارتی شیر اپنے گھر میں ہی ڈھیر ہوگئے اور کیویز نے بنگلورو اور پونے کے بعد ممبئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو […]
نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلی بار اسی کی سر زمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔
بھارتی شیر اپنے گھر میں ہی ڈھیر ہوگئے اور کیویز نے بنگلورو اور پونے کے بعد ممبئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو زیر کر کے پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر کے تاریخ رقم کر دی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ تیسرے ٹیسٹ میچ میں جیت کے لیے ملنے والے 147 رنز کے ہدف میں بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگ میں صرف 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور کیویز نے 25 رنز سے فتح اپنے نام کی۔
میچ کے ہیرو نیوزی لینڈ اسپنر اعجاز پٹیل رہے جنہوں نے دوسری اننگ 6 وکٹیں لے کر بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا جب کہ پہلی اننگ میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بھارت کے 9 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
رشبھ پنت نے 64 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن کوئی دوسرا بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ واشنگٹن سندر 12 اور کپتان روہت شرما 11 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے بلے باز تھے۔ ویرات کوہلی مکمل بے اثر رہے اور دوسری اننگ میں بھی صرف ایک رن ہی بنا سکے۔
یشوی جیسوال (5)، شبھمن گل، ویرات کوہلی اور سرفراز خان (ایک، ایک)، ایشون (8)، جڈیجہ (6) رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل کو میچ میں 11 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ ول ینگ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگ میں 235 رنز بنائے تھے، جواب میں بھارتی ٹیم 263 رنز ہی بنا کر صرف 28 رنز کی ہی لیڈ لے سکی تھی۔
کیویز نے دوسری اننگ میں 174 بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دیا لیکن اپنی سر زمین پر یہ معمولی ہدف بھی بھارت کے لیے پہاڑ بن گیا جو ان سے عبور نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ بھارت 12 سال بعد اپنی سر زمین نہ صرف پہلی سیریز ہارا بلکہ 25 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کی خفت سے بھی دوچار ہوا ہے۔ اس شکست کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جب کہ آسٹریلیا نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟