چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے، چیئرمین پی سی بی
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ایک بار پھر اپنے دوٹوک موقف کا اعادہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے اس دوٹوک موقف کا اعادہ کیا […]
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ایک بار پھر اپنے دوٹوک موقف کا اعادہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے اس دوٹوک موقف کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اپنے ملک پاکستان میں ہی کرائیں گے اور تمام ٹیمیں آئیں گی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت کے پاس پاکستان نہ آنے کا کوئی ٹھوس جواز نہیں ہے۔ ہمارا موقف واضح ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر چیمپئنز ٹرافی منظور نہیں ہے۔ بھارت کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے زبانی انکار پر ہم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ دیا ہے اور اس کے جواب کا انتظار ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کھیل اور سیاست دو علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں اور کسی بھی ملک کو کھیل میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے۔ آئی سی سی کو اپنی ساکھ کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ وہ تمام ممالک کی نمائندہ تنظیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق ابھی بھی اچھی توقع رکھتا ہوں۔ تمام ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں، اگر بھارت کو کوئی خدشات ہیں تو ہم سے بات کرے، ہم ان خدشات کو دور کر دیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارت کے پاکستان میں ایک میچ کھیلنے اور باقی یو اے ای میں کھیلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کرنا ہے جس کا ہم بھی انتظار کر رہے ہیں، امید ہے آئی سی سی جلد شیڈول کا اعلان کر دے گا۔
انہوں نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی تک عاقب جاوید وائٹ بال ٹیم عارضی کوچ ہوں گے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے۔ آئی سی سی نے پہلے 11 نومبر کو شیڈول کا اعلان کرنا تھا تاہم بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے باعث شیڈول اعلان کی تقریب موخر کر دی گئی۔
آئی سی سی کو ہر حال میں 20 نومبر سے قبل چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنا ہے بصورت دیگر اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جب کہ براڈ کاسٹرز کی جانب سے بھی کرکٹ کی عالمی تنظیم پر شیڈول جلد جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
بھارت کا انکار، پاکستان کا سخت موقف، آئی سی سی مشکل کا شکار؟
آپ کا ردعمل کیا ہے؟