باراتیوں سے بھری بس میں چھ افراد زندہ جل گئے!
ہائی وولٹیج تار کی زد میں آنے کے باعث بس میں آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے 6 لوگ موت کے منہ میں چلے گئے۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے غازی پور میں باراتیوں سے بھری بس کا اوپری حصہ 11 ہزار وولٹ کے تار سے چھو گیا جس کے سبب چھ افراد زندہ جل […]
ہائی وولٹیج تار کی زد میں آنے کے باعث بس میں آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے 6 لوگ موت کے منہ میں چلے گئے۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے غازی پور میں باراتیوں سے بھری بس کا اوپری حصہ 11 ہزار وولٹ کے تار سے چھو گیا جس کے سبب چھ افراد زندہ جل گئے۔ ہائی وولٹیج تار سے ٹکرانے کے بعد بدقسمت بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی زد میں کئی دیگر لوگ بھی آئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
میڈیا میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گیارہ ہزار وولٹ کے تار کو بس نے جیسے ہی چھوا پوری بس میں آگ لگ گئی۔ 6 لوگ جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔
متعدد مسافر آگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ یہ حادثہ شہر کے ’مردہ‘ نام سے مشہور علاقے کے مہاہر دھام کے پاس رونما ہوا۔
آگ اس قدر شدید تھی کہ کوئی بھی اسے بجھانے کے لیے بس کے قریب جانے کی ہمت نہ کر سکا اس دوران جلتی بس کے اندر بچوں سمیت کئی مسافر پھنس گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا۔
واقعے کی اندوہناک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں مسافروں کی چیخ و پکار کی آواز سنی جا سکتی ہے۔
بس میں سوار میرا نامی خاتون نے بتایا کہ بس میں تقریباً 40 سے 50 لوگ تھے جبکہ کئی لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔ آگ لگنے کے بعد کسی نے مجھے باہر دھکا دیا۔ میرے بچے بھی اسی بس میں تھے جو آگ کی زد میں آگئے۔
واضح رہے کہ یہ بس مئو سے بارات لے کر مردہ کے مہاہر دھام آ رہی تھی۔ بس کچی سڑک سے آرہی تھی اور اس میں 30 سے زائد افراد سوار تھے۔
آپ کا ردعمل کیا ہے؟